سری لنکن منیجر پر حملے کیلئے کس نے اکسایا؟ چونکا دینے والے انکشافات

sialko11.jpg


سیالکوٹ میں وزیرآباد روڈ پر فیکٹری کے سری لنکن منیجر کو قتل اور لاش کی بےحرمتی کرنے کے واقعہ پر تحقیقات میں اہم پیشرف سامنے آئی ہے کیونکہ گوجرانوالہ پولیس نے پریانتھا کمارا قتل کیس کے 7 مرکزی ملزمان کے کردار کا تعین کر لیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم عمران اور حمیر نے پریانتھا پر قینچی سے وار کیے، حملے میں استعمال کی گئی دونوں قینچیاں برآمد کر لی گئی ہیں۔ ملزم تیمور نے پریانتھا کو اینٹ ماری، ملزم علی اصغر نےلاش کو آگ لگائی، ملزم شہر یار اور بلال نے بیرونی دروازہ توڑ کر مشتعل ہجوم کو اندر بلایا۔

پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزم عبدالصبور بٹ نے فیکٹری ورکرز کو سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا پر حملے کے لیے اکسایا تھا۔ سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا پر حملے کے ملزمان نے دورانِ تفتیش اعترافِ جرم کر لیا ہے، ان تمام ملزمان کے بیانات ریکارڈ کر لیے گئے ہیں۔

پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملزمان سے تفتیش مکمل ہونے کے بعد انہیں گوجرانوالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ جیل سپرنٹنڈنٹ کے مطابق پریانتھا کیس کے ان 7 ملزمان کو اسپیشل سیل میں رکھا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال کے آخری مہینے میں سیالکوٹ میں وزیرآباد روڈ پر واقعہ اس کمپنی میں ملازمت کرنے والے سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کی پرتشدد ہجوم کے ہاتھوں موت ہو گئی تھی جس کی ملک کے ہر طبقے نے پرزور مذمت کی تھی۔

اس واقعہ میں سری لنکن منیجر فیکٹری ملازمین کے تشدد سے ہلاک ہوگیا تھا، جبکہ مشتعل ہجوم نے لاش کو سڑک پر گھسیٹنے کے بعد آگ لگا دی تھی۔ مشتعل افراد کا دعویٰ تھا کہ مقتول نے مبینہ طور پر مذہبی جذبات مجروح کیے تھے۔