تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مجرموں کے ٹولے نے میری ٹیم کے کیے گئے کام پر پانی پھیر دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ سازشی ٹولے کی واحد ترجیح این آ ر او 2 حاصل کرنا ہے اور سازشی ٹولے نے میری ٹیم کے تمام کاموں کو ختم کر دیا۔
عمران خان نے کہا کہ جب تبدیلی سرکار کی امریکی سازش کے ذریعے پی ٹی آئی حکومت کو ہٹایا گیا تو رجیم چینج سے قبل ہماری شرح نمو 6 فیصد کے قریب تھی۔
دوسری جانب تنظیم اسلامی پاکستان کے وفد نے بنی گالہ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اور ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ اللہ کی وحدانیت پر ایمان رکھنے والی قوم کو غلام بنانے کی منصوبہ بندی جاری ہے اور بیرونی طاقتوں کی ایما پر قوم کو تاریخی و تہذیبی ورثے سے جدا کرنے کی کوششیں کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ قوم سیاسی، معاشی اور معاشرتی غلامی کی زنجیریں توڑنے کو تیار ہے جبکہ دینی و مذہبی شخصیات و جماعتوں کو اسلام آباد مارچ میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔