آف شور پلیٹ فارمز سے مصنوعات اور خدمات کی خریداری غیرقانونی ہے،اسٹیٹ بینک

4sbptradingillegal.jpg

اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ آف شور فارن ایکسچینج ٹریڈنگ ویب سائٹس، موبائل ایپلی کیشنز اور پلیٹ فارمز غیر قانونی ہیں، اسٹیٹ بینک کی جانب جاری ہدایات کے مطابق آف شور فارن ایکس چینج ٹریڈنگ ویب سائٹس، موبائل ایپلی کیشنز اور پلیٹ فارمز جیسے اوکٹا ایف ایکس، ایسی فاریکس وغیرہ پاکستان کے شہریوں کو اپنی مصنوعات اور خدمات فراہم کررہے ہیں۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق یہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سوشل میڈیا اشتہارات کے ذریعے لوگوں کو اپنی مصنوعات اور خدمات خریدنے یا ان میں سرمایہ کاری کرنے پر آمادہ کرتے ہیں،ایسی مصنوعات کی مثالوں میں فارن ایکسچینج ٹریڈنگ، مارجن ٹریڈنگ، کنٹریکٹ فار ڈفرینسز اور دیگر شامل ہیں۔

https://twitter.com/x/status/1526902574082834432
اوکٹا ایف ایکس سمیت دیگر فارن ٹریڈنگ کے پلیٹ فارمز استعمال کرنے والوں کا ماننا تھا کہ پاکستان میں ان پلیٹ فارمز کے ذریعے فوریکس ٹریڈنگ قانونی ہے اور اسکی کوئی ممانعت نہیں ہے۔

بینک کے مطابق پاکستان میں مقیم کسی بھی شخص کے لیے مذکورہ بالا پلیٹ فارمز کی پیش کردہ مصنوعات اور خدمات خریدنا ممنوعہ اور ملکی قانون کے منافی ہے،پاکستان میں ایسے آف شور پلیٹ فارمز سے مصنوعات اور خدمات خریدنے اور کسی بھی پیمنٹ چینل سے انہیں بلاواسطہ یا بالواسطہ زر مبادلہ بھیجنے والے شخص کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشنز ایکٹ کے تحت کارروائی کی جاسکتی ہے۔

اسٹیٹ بینک نے واضح کردیا کہ ایسے پلیٹ فارمز کی ریگولیشن نہ تو اسٹیٹ بینک کرتا ہے اور نہ سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اس لیے عوام کو ہدایت کی جاتی ہے کہ محتاط رہیں اور ایسے پلیٹ فارمز کی مصنوعات اور خدمات خریدنے یا ان میں سرمایہ کاری کرنے سے گریز کریں تاکہ کسی ممکنہ نقصان اور قانونی کارروائی سے بچ سکیں۔

اوکٹا ایف ایکس سمیت کئی آن لائن ایپس اور ویب سائٹس فوریکس ٹریڈنگ کرواتے ہیں، یہ سارے پلیٹ فارمز بیرون ملک سے آپریٹ ہورہے ہیں جس میں پاکستانی بھی بڑے پیمانے پر فوریکس ٹریٖڈنگ کرتے ہیں۔

فوریکس ٹریڈنگ سے منسلک افراد کا کہنا ہے کہ پاکستان میں فوریکس ٹریڈنگ کرنے والے ڈالر کے بدلے اسکرل خریدتے ہیں اور اسے فوریکس ٹریڈنگ کرتے ہیں جب کہ فوریکس اکاونٹس سے دنیا بھر میں کہیں بھی رقم نکالی جاسکتی ہے۔

اسٹیٹ بینک نے عوام کو محتاط رہنے اور ایسے پلیٹ فارمز کی مصنوعات اور خدمات خریدنے یا ان میں سرمایہ کاری کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کردی ہے،خریداری کی صورت میں کارروائی سے بھی خبردار کردیا۔