مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی میں اسپیکر پرویزالہیٰ کے خلاف دوبارہ عدم اعتماد کی تحریک جمع کروادی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اسپیکر پرویز الہیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد نمٹادی گئی تھی جس کے بعد مسلم لیگ ن نے دوبارہ یہ تحریک جمع کروادی ہے۔
سمیع اللہ خان کی جانب سے جمع کروائی گئی اس تحریک میں موقف اپنایا گیا ہے کہ آج اسمبلی میں اسپیکر نے غیر آئینی و غیر قانونی اجلاس طلب کرکے سیکیورٹی اور پرائیوٹ جتھوں کی مددسے اسمبلی کو سیل کردیا جس کی وجہ سے حکومتی اراکین اسمبلی میں داخل نہ ہوسکے۔
عدم اعتماد کی تحریک میں کہا گیا ہے کہ پینل آف چیئرمین وسیم بادوزئی نے 6 منٹ کی کارروائی کے دوران اسپیکر کے خلاف جمع کروائی گئی عدم اعتماد کی کارروائی کو یکطرفہ طور پرمسترد کردیا لہذا آج دوبارہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع کروائی جاتی ہے۔
اس سے قبل ن لیگی رہنماؤں نے ایوان وزیراعلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کی ، اس موقع پرلیگی رہنما رانا مشہود نے کہا کہ آج پارلیمانی تاریخ کا سیاہ دن ہے، جو طوفان بدتمیزی عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پرووٹنگ سے شروع ہوا وہ آج تک جاری ہے،پرویز الہیٰ اخلاقی ،آئینی و قانونی طور پر اعتماد کھو بیٹھے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے کہا کہ اسمبلی میں دوبارہ قرارداد جمع کروائی جارہی ہے اور اس بار پوری تیاری کے ساتھ ووٹنگ میں حصہ لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ آج پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران جب عدم اعتماد پر ووٹنگ کا اعلان کیا گیا تو ن لیگ کے ایوان میں موجود ارکان کی تعداد کم تھی جس کی وجہ سے ن لیگ نے اس پرووٹنگ میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔