مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے دعویٰ کیا ہے کہ لاہور پولیس نے پی ٹی آئی لاہور کے عہدیداروں زبیر نیازی اور بجاش نیازی کی گاڑیوں سے اسلحہ برآمد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نام نہاد لانگ مارچ کا اصل چہرہ اور ان کے ارادے یہ ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی لاہور کے جنرل سیکرٹری زبیر نیازی نے مریم نواز کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بالکل نہیں، انہوں نے کہا کہ میری گاڑی سے ہتھیاروں کی برآمدگی کی خبر اس صدی کا سب سے بڑا مذاق ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ کچہری میں اپنی تحریک کے دوستوں کے ساتھ ہیں۔
ساتھ ہی زبیر نیازی نے سوال اٹھایا کہ یہ وہی خاتون ہے جس نے کہا تھا کہ اس کی لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی پراپرٹی نہیں؟
ان کے اس ٹوئٹ پر سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری نے کہا کہ مریم جھوٹی ہیں۔ وہ ایک خود ایک مجرم ہیں جو ضمانت پر ہے۔ کیا آپ واقعی چاہتی ہیں کہ آپ کی بات کا یقین کر لیا جائے؟ مگر لگتا ہے کہ چچا تو کٹھ پتلی ہے حکومت تو یہی چلا رہی ہیں۔ کیوں ڈی جی آئی ایس پی آر ایسا ہی ہے؟
سابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ جھوٹ جھوٹ پھیلاتے رہو۔ یہ ہے زبیر نیازی جو لاہور میں اپنے قافلہ کیساتھ اسلام آباد آنے کی تیاری کر رہا ہے۔ تمہارا خونی وزیر داخلہ رانا ثنا اور اس کے ذاتی پولیس افسران سب کی کاروائیوں کا پتہ ہے۔ ساری اطلاعات ہیں کہ تم لوگوں نے کالعدم تنظیموں کے ذریعے بدامنی کا منصوبہ بھی بنا رکھا ہے۔
تحریک انصاف کی ویمن ونگ کی سربراہ منزہ حسن نے کہا کہ جہاں جھوٹ، بے شرمی اور دھوکہ دہی کی تمام حدیں ختم ہوتی وہاں ن لیگ کی شروع ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الزام تو کوئی ڈھنگ کا لگاؤ جتنا اسلحہ آپ دکھا رہی ہو کیا کوئی بے وقوف ہے جو اتنا اسلحہ سرعام لے کر جائے؟
انہوں نے مزید کہا کہ بی بی یہ نوے کی دہائی نہیں اب عوام سب جانتے ہیں تمہارا مکروہ چہرہ پہچانتے ہیں۔