پیار کی خاطر بارڈر کو بھی معمولی رکاوٹ سمجھنے والی 24 سالہ فضا گرفتار

3indiangirlarestborder.jpg

پیارکیا تو ڈرنا کیا، یہی سوچ کر 24 سالہ بھارتی اسکول ٹیچراپنے پاکستانی دوست سے عہدوپیمان کے بعد سرحد پارکرنے پہنچی مگریہ ملن آسمانوں پرطے نہیں تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مدھیہ پردیش کےعلاقے ریوا سے تعلق رکھنے والی فضا خان اپنے پاکستانی دوست دلشاد سے ملنے کے لیے پاک بھارت سرحدی چوکی پہنچی جہاں اسے ‘گرفتار’ کر کے مدھیہ پردیش پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

واضح رہے فضاخان کے پاس ویزااورسفری دستاویز موجود تھیں لیکن امیگریشن حکام نےانٹیگریٹڈ چیک پوسٹ اٹاری پران کے خلاف جاری کردہ لک آؤٹ سرکلر( ایل او سی ) کی وجہ سے روک کر پولیس کے حوالے کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فضا خان کا کراچی کے رہائشی دلشاد سے آن لائن رابطہ ہوا تھا، دوستی کے بعد دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا اورفضا نے پاکستان آنے کی نیت سے ویزا اور دیگرسفری دستاویزات بھی حاصل کرلیں۔


غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 16 جون کو فضا اسکول گئی لیکن واپس نہیں لوٹی جس کے بعد اہل خانہ نے ریوا سٹی پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کی شکایت درج کرائی۔ فضا گھرمیں پاکستان جانے کا ارادہ ظاہرکرچکی تھی اس لیے سرحد پارکرجانے کے خدشے کے تحت فوری طور پر اسکول ٹیچرکے خلاف ایل او سی جاری کیاگیا۔

فضا 23جون کو کراچی جانے کی نیت سے امرتسر پہنچی لیکن اٹاری پرامیگریشن حکام نے اس حوالے سے گھرندا پولیس اسٹیشن کو اطلاع دی جنہوں نے بیان ریکارڈ کرنے کے بعد فضا کو ناری نکیتن بھیج دیا اوراس حوالے سے ریوا پولیس کو بھی آگاہ کیا گیا۔

یاد رہے پاکستانی مردوں کی محبت میں گرفتار ہونے والی بھارتی خواتین کی پاکستان آمد کا یہ پہلا واقعہ نہیں، اس سے قبل بھی ایسے واقعات سامنے آچکے ہیں۔

بارہ اپریل 2019 کو بھارتی پنجاب کے ضلع ہوشیارپورکےعلاقے گڑشنکر کی رہائشی تین بچوں کی ماں کرن بالا بیساکھی سکھ جتھے کے ساتھ بیساکھی منانے پاکستان پہنچی لیکن وہاں پہنچ کرلاہورکے رہائشی محمد اعظم نامی شخص سے شادی کر لی جس سے اس کی ملاقات سوشل میڈیا پرہوئی تھی۔

اس سے قبل 2018 میں بھٹنڈہ سے تعلق رکھنے والی خاتون ٹینا شرما نے آن لائن گیم کھیلتے ہوئے گوجرانوالہ کے ایک شخص محمد سلیمان سے دل لگا لیا اورپاکستان آکر 24 اکتوبر 2018 کو شادی کرلی۔