ممنوعہ فنڈنگ کیس: ایف آئی اے کا عمران خان کو خط

fia111h1h.jpg

پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات جاری ہیں، کیس کی مزید تحقیقات کے لیے ایف آئی اے نے چیئرمین پاکستان تحریک عمران خان کو خط لکھ دیا، خط میں ریکارڈ مانگ لیا گیا ہے۔

عمران خان کو خط ایف آئی اے اسلام آباد زون کی ڈپٹی ڈائریکٹر کی جانب سے لکھا گیا ہے، خط میں پی ٹی آئی کی 1996 سے لے کر اب تک تمام تنظیموں، ٹرسٹ کا ریکارڈ مانگ لیا گیا۔

خط کے متن میں مزید کہا گیا کہ پی ٹی آئی کی رجسٹرڈ، غیر رجسٹرڈ قومی و بین الاقوامی تنظیموں، ٹرسٹ کا ریکارڈ فراہم کیا جائے،پی ٹی آئی کے تمام اکاؤنٹس کھولے جانے سے لے کر اب تک کا سالانہ اسٹیٹمنٹ فراہم کیا جائے،تمام ملکی و بین الاقوامی ڈونرز کا ریکارڈ فراہم کیا جائے۔

ایف آئی اے نے خط میں مزید لکھا کہ ان تمام قومی و بین الاقوامی کمپنیوں، کاروباری اداروں کا ریکارڈ فراہم کریں جنہوں نے پارٹی کی مدد کی، پارٹی کے قیام سے لے کر اب تک وصول کی گئی ممبر شپ فیس کا ریکارڈ بھی فراہم کیا جائے۔

مختلف ممالک کی کمپنیوں و کاروباری اداروں سے وصول رقم کی الگ الگ تفصیل مانگ لی گئیں،خط میں کہا گیا کہ ان تمام قومی و بین الاقوامی کمپنیوں، کاروباری اداروں کا ریکارڈ فراہم کئے جائیں جنہوں نے پارٹی کی مدد کی۔

ایف آئی اے نے خط میں پارٹی کے تمام عہدیداروں کی فہرست و شناختی کارڈ نمبرز بھی طلب کرلیے، خط میں کہا گیا کہ ان افراد کے نام فراہم کیے جائیں جنہیں پارٹی اکاؤنٹس آپریٹ کرنے کی اجازت تھی،پارٹی کےمالی امور دیکھنے والے بورڈ کی تفصیلات فراہم کی جائیں،پارٹی چیئرمین و جنرل سیکریٹری کو تمام ریکارڈ 15 دن کے اندر فراہم کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

وفاقی حکومت نے الیکشن کمیشن کے ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کی روشنی میں پی ٹی آئی کی ممنوعہ فنڈنگ کی تحقیقات کے لیے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی،سندھ ہائیکورٹ نے گزشتہ روزایف آئی اے کو سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور رکن سندھ اسمبلی سیما ضیا کے خلاف کارروائی سے روک دیا تھا۔