انڈونیشیا میں فٹبال میچ کے بعد ہنگامہ آرائی، 174افراد جاں بحق

indon1121.jpg


انڈونیشیا کے صوبے مشرقی جاوا میں لیگ فٹبال میچ کے بعد ہنگامہ آرائی ہوئی، اسٹیڈیم میدان جنگ بن گیا، ٹیم کی شکست پر حامی آپے سے باہر ہوئے اور میدان میں گھس گئے، دونوں ٹیموں کے حامیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں، پولیس نے آنسو گیس کے شیل برسائے اور فائرنگ کردی،جس سے بھگدڑ مچ گئی۔

بھگدڑ کے دوران 174 جان کی بازی ہارگئے جبکہ جب کہ دو سو سے زائد افراد زخمی ہوئے، اسٹیڈیم میں بڑی تعداد میں لوگ دم گھٹنے اور بھگدڑ میں روندے جانے سے ہلاک ہوئے۔

انڈونیشیا کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ زیادہ تر افراد کی موت دم گھٹنے کے باعث ہوئی، انڈونیشیا کے صدر نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا، فٹبال لیگ کے صدر نے ایک ہفتے کے لیے تمام میچز ملتوی کر دیے۔

جاوا کے پولیس چیف نیکو افنتا نے صحافیوں کو بتایا کہ جب ہارنے والی ہوم ٹیم کے حامیوں نے ہفتے کی رات مشرقی جاوا صوبے میں اپنی مایوسی کا اظہار کرنے کے لیے گراؤنڈ پر حملہ کیا تو افسران نے صورت حال پر قابو پانے کی کوشش میں آنسو گیس فائر کی، جس سے بھگدڑ مچ گئی اور دم گھٹنے کے واقعات رونما ہوئے۔

پولیس چیف نے کہا مشتعل شائقین نے افسران پر حملے کیے، اور انھوں نے کاروں کو بھی نقصان پہنچایا،مقامی اسپتال کے سربراہ نے میڈیا کو بتایا کہ متاثرین میں سے کچھ کو دماغی چوٹیں آئی ہیں، اور مرنے والوں میں ایک پانچ سالہ بچہ بھی شامل ہے۔

مشرقی جاوا کے کنجوروہن اسٹیڈیم میں لیگ فٹبال میچ جاری تھا، ٹیم اریما ایف سی کو ٹیم پرسیبا سورابایا نے شکست دی تو اریما ایف سی کے سپورٹرز مشتعل ہو گئے اور میدان میں دھاوا بول دیا، اریما کلب کے کئی کھلاڑیوں پر بھی حملہ کیا گیا۔