بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نااہلی، قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان

8nijlitaqseemkarcompania.jpg

ملک میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نااہلی کی وجہ سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچنا شروع ہوگیا ہے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں بجلی کمپنیوں کی نااہلی اور کام چوری کی وجہ سے 1 سال میں قومی خزانے کو تقریبا 343ارب روپے کا نقصان پہنچا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سال2021-22 کے دوران بجلی کمپنیوں کے نقصانات نیپرا کے طے کردہ اہداف سے 3اعشاریہ 72فیصد زائدرہا، بجلی کمپنیوں نے نقصان کی مد میں قومی خزانے کو 113 ارب جبکہ عدم وصولیوں کی مد میں 230 ارب روپے کا نقصان پہنچایا ہے۔


اس سال میں گزشتہ برس کے مقابلے میں وصولیوں کی شرح میں 7فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں صرف 90 اعشاریہ51 فیصد ہی واجبات وصول کرسکیں، عدم وصولیوں اور نقصانات کی وجہ سے توانائی کے شعبے پرگردشی قرضہ بڑھ رہا ہے، قرضہ بڑھنے کی ایک وجہ بجلی کمپنیوں میں گورننس کے مسائل بھی ہیں۔

اعدادوشمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی بجلی کمپنی آئیسکو میں نقصانات کی شرح8اعشاریہ18 فیصد، لاہور کی لیسکو میں 11اعشاریہ 52 فیصد، ملتان کی میپکو میں 14اعشاریہ84 فیصد جبکہ گوجرانوالہ کی کمپنی گیپکو میں نقصانات کی شرح9اعشاریہ صفر7 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح پشاور کی کمپنی نے 37اعشاریہ 47 فیصد، کوئٹہ کی کیسکو نے 28اعشاریہ 07 فیصد ، سکھر کی سیپکو نے36اعشاریہ62 فیصد جبکہ حیدرآباد کی حیسکو میں نقصان کی شرح32 اعشاریہ88 فیصد رہی۔