عمران خان لازمی بلٹ پروف جیکٹ پہنیں: خطرات کے پیش نظر پنجاب پولیس کامراسلہ

imran-khan-punjab-police-hf.jpg


راولپنڈی میں جلسے سے قبل پولیس نے پی ٹی آئی قیادت کو تحریری طور پر سکیورٹی ہدایات سے آگاہ کر دیا۔ پولیس حکام کی جانب سے پی ٹی آئی قیادت کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہےکہ وی آئی پی سکیورٹی کے لیے پولیس کی ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

پولیس نے اپنے مراسلے میں کہا ہے کہ عمران خان کے لیے بلٹ پروف روسٹرم کو یقینی بنایا جائے اور چیئرمین پی ٹی آئی لازمی بلٹ پروف جیکٹ کا استعمال کریں جب کہ عمران خان کسی عوامی مقام پر گاڑی سے بھی باہر نہ نکلیں۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہےکہ روایت کے برعکس عمران خان کی نقل و حرکت کو خفیہ رکھا جائے۔

مراسلے کے مطابق وی آئی پی سیکورٹی افسر اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطہ میں رہ کر نقل و حرکت کریں۔ وی آئی پی کی گاڑی کی پارکنگ الگ اور مخصوص ہو گی ، سٹیج پر شرکاء کی فہرست پہلے سے انتظامیہ کو فراہم کی جائے، اسٹیج پر نقل و حرکت محدود رکھی جائے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کسی مقام پر عوام سے ملاقات نہیں کریں گے جبکہ تمام شرکاء مجوزہ مقام سے مکمل چیکنگ کے بعد ہی داخل ہو سکیں گے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے جلسے کے موقع پر آٹھ ہزار سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی پر تعینات کیے گئے ہیں، جلسے سے عمران خان سمیت اہم رہنما خطاب کریں گے۔ جب کہ تحریک انصاف نے راولپنڈی جلسے کے لیے مرکزی اسٹیج سکستھ روڈ فلائی اوور پر لگا دیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ایجنسیوں کی رپورٹ ہے عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، کل کا جلسہ ملتوی کر دیں۔