بھارت:پہاڑا یاد نہ ہونے پر استاد نے بچے کے ہاتھ پر ڈرل مشین چلادی

drill-mach.jpg


بھارت کے ایک اسکول میں ریاضی کے ٹیچر نے سبق یاد نا ہونے پر ایک بچے کے ہاتھ پر ڈرل مشین چلادی ہے، جس سے بچہ معمولی زخمی ہوگیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر کانپور میں اس وقت پیش آیا جب اسکول کی لائبریری میں ایک ٹیچر مرمت کا کام کررہا تھا کہ اس کے پاس سے9 سالہ طالبعلم گزرا، استاد نے بچے کو روک کر 2 کا پہاڑا سنانے کا حکم دیا جس میں بچہ ناکام رہا۔

استاد نے بچے کو سزا دینے کیلئے لائبریری کی مرمت کیلئے استعمال ہونے والی ڈرل مشین ہی بچے کے ہاتھ پر چلادی جس سے بچہ زخمی ہوگیا، لائبریری میں موجود دیگر بچوں نے فوری طور پر ڈرل مشین کی تار الیکٹرک بورڈ سے نکال دی جس کی باعث ڈرل مشین بند ہوگئی اور بچہ زخمی ہونے سےبچ گیا۔

بعدا زاں بچے کو اسکول میں ہی طبی امداد دے کر رخصت کیا گیا تاہم واقعہ کا علم ہونے پر والدین نے اسکول کے باہر احتجاج کرتے ہوئے ٹیچر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے،جس پر انتظامیہ نے ٹیچر کو معطل کرتے ہوئے انکوائری کا حکم دیدیا ہے۔