وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل کیں تو فوری انتخابات کروادیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے نجی ٹی وی چینل کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان اگر اسمبلیاں توڑ دیں تو ہم 60 دن میں ضمنی الیکشن کروادیں گے، تاہم یہ اسمبلیاں نہیں توڑ سکتے، کیونکہ جب یہ اسمبلیاں توڑنے کیلئے بندے لائیں تو ان کےپورے بندے نہیں آئیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گورنر پنجاب وزیر اعلی کو اعتماد کا ووٹ لینے کا بھی کہہ سکتے ہیں، گورنر کو یہ اختیار حاصل ہے، عدم اعتماد کی تحریک لانے سے بہتر ہوگا کہ وزیراعلی کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا جائے۔
نئے انتخابات کے حوالے سے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ جب 16 ہزار روپے کےبجلی کے بل آئیں گے تو کوئی بھی حکومت سے خوش نہیں ہوگا، پیٹرول ، ڈالر نیچے آجائے تو اچھے طریقے سے انتخابات میں جاسکتے ہیں، وزیراعظم اگلے 4سے 6 ماہ میں ڈیلیور کریں گے تاہم اگر اس دوران نگراں حکومت آئی تو ملک دیوالیہ ہوجائے گا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وزیرآباد میں عمران خان پر حملہ ایک شخص نے کیا، ہماری اطلاعات کے مطابق عمران خان کو ایک گولی لگی ہے جبکہ کنٹینر کے اوپر سے ہونے والی فائرنگ میں سے ایک فائر معظم کو لگا تھا۔ انہوں نے مزید کہا اگر فوج آئندہ بھی اپنے آئینی کردار تک محدود رہی تو ملک میں غیر یقینی کی صورتحال پیدا نہیں ہوگی۔