کراچی میں خاتون اور تین بیٹیوں کی قتل کی لرزہ خیز واردات،شوہر زخمی

5karachiteenqatal.jpg

کراچی میں چارافراد کے قتل کی لرزہ خیز واردات سامنے آئی ہے جس میں ایک خاتون کو اس کی تین بیٹیوں سمیت موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ہے جبکہ خاتون کے شوہر شدید زخمی ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق افسوسناک واقعہ کراچی کے علاقے شمسی سوسائٹی میں الفلاح تھانے کی حدود میں پیش آیا، پولیس کے مطابق قتل کی واردات علاقے میں واقع بلڈنگ کی پہلی منزل کے ایک فلیٹ میں ہوئی جس میں یہ خاندان کرائےپر رہائش پزیر تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گھر سے خاتون اور اس کی تین بیٹیوں کی خون میں لت پت لاشیں ملیں ، مقتولین کو کسی تیز دھار آلے کے ذریعے قتل کیا گیا، خاتون کے شوہر اور بچیوں کے والد فوادبھی شدید زخمی حالت میں پائے گئے جنہیں تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔


پولیس نے جائےوقوعہ سے برآمد ہونے والی ممکنہ طور پر آلہ قتل ، خون آلود چھری اپنی تحویل میں لے لی، مقتولین میں ہماء، اس کی 16 سالہ بیٹی نیہا،12 سالہ فاطمہ اور 10 سالہ ثمرہ شامل ہیں۔

https://twitter.com/x/status/1597569861240360961
ایس ایس پی کورنگی ساجد امیر سدوزئی نے واقعہ سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ خاندان کا اندرونی معاملہ معلوم ہوتا ہے، مبینہ طور پر زخمی ہونے والا شخص فواد ہی اپنے خاندان کے چار افراد کا قاتل ہے، واردات کےبعد کمرے کا دروازہ اندر سے بند تھا جس سے شبہ ہوتا ہے کہ قاتل گھرکے افراد میں سے ہی کوئی ہے، مصالحہ کمپنی میں بطور سیلز مینجر نوکری کرنے والے فواد نے مبینہ طور پر اپنی اہلیہ اور تین بیٹیوں کو قتل کے بعد خود کشی کرنے کی کوشش کی ہے۔