ورلڈ بینک،ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو ڈیڑھ ارب ڈالر سے زائد قرض دینگے

worldbnaka.jpg

عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے کوپراجیکٹ کیلئے پاکستان کو 1ارب 55 کروڑ ڈالر کا قرض دینے کا اعلان کیا ہے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ورلڈ بینک50 کروڑ 75 لاکھ ڈالر جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک98 کروڑ ڈالر کا قرض پاکستان کو فراہم کرے گا، یہ رعایتی قرض ہوگا جس پرشرح سود صرف ایک یا دو فیصد ہوگی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق پاکستان کو چالیس سال میں یہ قرض واپس کرنا ہوگا، مجموعی قرض کے 25 فیصد حصے پر مشتمل پہلی قسط رواں مالی سال میں پاکستان کو فراہم کردی جائے گی۔

رپورٹس کے مطابق پاکستان کو یہ قرض سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے شروع کیے جانے والے منصوبں پر خرچ کیا جائے گا، اس قرض سے سڑکیں، پل،آبپاشی کے منصوبے اور زراعت کے شعبے میں ترقیاتی کام شروع کیے جائیں گے۔

دوسری جانب نجی چینل نے دعویٰ کیا ہے کہ وزارت خزانہ نے ملک کو درپیش معاشی بحران کے باعث رواں مالی سال کے ترقیاتی بجٹ میں ساڑھے تین سو ارب روپے کی کٹوتی کرنے کی تجاویز کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے

چینل کے مطابق آئی ایم ایف کے دباؤ کی وجہ سے وزارت خزانہ کی جانب سے رواں مالی سال کے ترقیاتی بجٹ میں 48 فیصد کمی پر غور کیا جارہا ہے جس کے تحت وزارت خزانہ کی آئی ایم ایف کے دباوٴ پر ترقیاتی بجٹ میں 350 ارب کٹوتی کی تجویز دی ہے۔

رواں مالی سال کے بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے 727 ارب روپے مختص کئے گئے تھے، پہلے 4 ماہ کے دوران مختص ترقیاتی بجٹ کا صرف 14 فیصد یعنی 98 ارب 78 کروڑ روپے ہی خرچ کئے گئے ہیں۔۔