خبریں

معاشرتی مسائل

Threads
0
Messages
0
Threads
0
Messages
0
None

طنز و مزاح

Threads
0
Messages
0
Threads
0
Messages
0
None
وزیراعظم عمران خان کی جانب سے شروع کی جانے والی شجر کاری مہم کی دنیا معترف ہے، عالمی رہنماؤں کی جانب سے بھی عمران خان ٹین بلین ٹری سونامی منصوبے کو سراہا جارہاہے،برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے بعد امریکی صدرکے خصوصی ایلچی جان کیری نے بھی منصوبے کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے۔ جان کیری نے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم سے ٹیلی فونک رابطہ کیا،بلوچستان میں زلزلےسےجانی ومالی نقصان پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم کی10بلین ٹری سونامی منصوبے کو سراہا،ملک امین اسلم سےآدھاگھنٹہ تک ٹیلی فونک گفتگو میں 10ارب درخت،موسمیاتی تبدیلی میں پاک امریکااشتراک کو آگے بڑھانے پراتفاق کیاگیا،موسمیاتی تبدیلی کے معاملے میں پاک امریکا10سالہ پلان ترتیب دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا،پاک امریکا جوائنٹ ورکنگ گروپ کی کارکردگی پربھی گفتگو ہوئی۔ جان کیری نے کہا کہ امریکا کلین انرجی اور نیچر بیسڈسلوشن میں پاکستان سے اشتراک کا خواہشمند ہے،جوائنٹ ورکنگ گروپ کوقائم 3ماہ ہوگئے،نتیجہ خیزاقدامات اٹھائیں گے،ملک امین نے جوبائیڈن کی جانب سےموسمیاتی تبدیلی کافنڈز دگنا کرنے کے اقدام کو خوش آئند قرار دیا، انہوں نے کہا موسمیاتی تبدیلی میں حقیقی تبدیلی لانے کیلئے انتہائی سنجیدہ ہیں۔ اس سے قبل برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا تھا کہ ماحول کی بہتری کیلئے عمران خان کے بلین ٹری منصوبے کی پیروی کرنی چاہیے۔ نیویارک میں برطانوی وزیراعظم نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ دنیا پاکستان کے ٹین بلین ٹری منصوبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، تمام ملکوں کو پاکستان کے شاندار منصوبے کی پیروی کرنی چاہیے،بورس جانسن نے عمران خان سے متاثر ہو کر برطانیہ میں درخت لگانے کا منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
پنجاب پولیس نے شہید اہلکار کی بیٹی کا اسکول کا پہلا دن یادگار بنادیا لاہورمیں شہید کانسٹیبل عمران کی ننھی پری کو وی آئی پی پروٹوکول کے ساتھ پہلے روز اسکول بھیجا گیا،بچی نے والد کے ساتھ جانے کی ضد کی تو ایس پی کینٹ پروٹوکول کے ساتھ اسکول چھوڑ کر آئے۔ چارسالہ ننھی عروہ کو ایس پی کینٹ عیسی سکھیرا نے گلدستہ اور اسکول بیگ پیش کیا،اسکول میں بھی بچوں نے نئی کلاس فیلو کا استقبال کیا،عیسیٰ سکھیرا کے مطابق کانسٹیبل عمران احتجاجی مظاہروں میں شہید ہو گئے تھے۔ ایس پی کینٹ عیسیٰ سکھیرا کا کہنا تھا کہ تمام شہدا کے بچے ہمارے اپنے بچوں کی طرح ہیں، شہیدوں کے خاندانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے،ڈی آئی جی آپریشنز سہیل چوہدری کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس ہر خوشی اورغم میں شہداکی فیملیز کے ساتھ کھڑی ہے۔
پنجاب پولیس کی چوری شدہ موبائلز کی کھوج کیلئے ایپ لانچ خبردار،چوری شدہ موبائل کی خریداری آپ کو مالی و قانونی مسائل سے دوچار کر سکتی ہے،پنجاب پولیس نے خبردار کردیا،ساتھ ہی چوری شدہ موبائل کی فروخت اور کھوج کیلئےایپ لانچ کردی،پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے ای گیجٹ مانیٹرنگ سسٹم ایپلی کیشن تیار کی گئی ہے۔ محکمہ پنجاب پولیس نے چوری شدہ اسمارٹ فونز کی فروخت کو روکنے کے لیے اسمارٹ فون ایپلی کیشن ای گیجٹ مانیٹرنگ سسٹم کا باضابطہ آغاز کردیا،ایپ لانچنگ کی تقریب ڈی آئی جی انویسٹی گیشنز لاہور آفس میں ہوئی،سی سی پی او لاہور نے تقریب میں شرکت کی، دیگر اعلیٰ پولیس افسران ، افسران ، اسٹیک ہولڈرز اور میڈیا پارٹنرز بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب میں سی سی پی او لاہور نے کہا یہ ایپ اسمارٹ فونز چوری کو روکنے کے لیے ساٹھ فیصد سے زائد موثر ہے،جس سے کاروبار میں مدد ملے گی، جوروز مرہ کے کاروبار کی حفاظت میں مدد کرے گی،انہوں نے بتایا کہ لاہور کے بعد صوبے کے دوسرے شہروں میں بھی ایپ کا استعمال کیا جائے گا۔ ڈی آئی جی ڈاکٹر انعام واجد نے کہا کہ اسمارٹ فونز بزنس ایپلی کیشن پر فروخت شدہ فونز کے آئی ایم ای آئی کو محفوظ کر سکیں گے ، جو بنیادی طور پر اسمارٹ فونز کے لیے ایک بنیادی ڈیٹا بیس بنائے گا، اگر کوئی فون چوری ہو جاتا ہے تو ، پولیس خود بخود ایپلی کیشن کے ذریعے ڈیٹا بیس تک رسائی حاصل کر لے گی اور لوکیشن ٹریک کرے گی،جس سے مختصر وقت میں چوری شدہ موبائل واپس ملنا آسان ہوجائے گا،اس کے علاوہ جو صارفین اسمارٹ فون خریدنے کے لیے مارکیٹ میں ہیں وہ چیک کر سکیں گے کہ ڈیوائس چوری شدہ تو نہیں۔ ڈی آئی جی ڈاکٹر انعام واجد نے مزید بتایا کہ اگر موبائل فون چوری ہو جاتا ہے تو پولیس کو فوری طور پر ایپ کے ذریعے مطلع کیا جائے گا اور اس پر پہلی معلومات کی رپورٹ (ایف آئی آر) فوری طور پر اپ لوڈ کی جائے گی۔ یہ اپلیکیشن گوگل اسٹور کے اس لنک سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں
سندھ ہائی کورٹ نے صوبے بھر کے تمام محکموں میں تعینات نیب زدہ افسران کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کا حکم جاری کردیا ہے۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں کرپشن زدہ افسران کو عہدوں پر برقرار رکھنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، سماعت جسٹس اصلاح الدین پہنور کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کی، دوران سماعت نیب کی جانب سے کرپشن زدہ افسران کی فہرست عدالت میں پیش کی گئی۔ عدالت نے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل سندھ سے سوال کیا کہ کرپشن زدہ افسران کس کس سرکاری عہدے پر تعینات تھے جس پر حکومت سندھ کے وکیل نے عدالت کو آگا ہ کیا ک بورڈ آف ریونیو کے 10 کرپشن زدہ افسرا ن کو عہدوں سے ہٹادیا گیا ہے ان میں مختیار کار اور نپیدار شامل ہیں۔ اس موقع پر عدالت نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ سزا یافتہ افسران سرکاری عہدوں پر رہتے ہوئے کیا کیا کررہے ہوں گے، سزایافتہ کین کمشنر تعینات کیا گیا ، آبادکاریوں کا کیا ہوا ہوگا ، ایسے افسر کہاں سے ملتے ہیں انہیں کہاں سے تلاش کرکے لایا جاتا ہے ، ورکرز ویلفیئر میں سزا یافتہ ڈائریکٹر بٹھایا گیا دال میں کچھ تو کالا ہے ہمیں گھمائیں پھیرائیں نہیں سچ بتائیں۔ جسٹس صلاح الدین نے ریمارکس دیئے کہ سزا یافتہ افسر چاہے وہ کانسٹبل ہی کیوں نہ ہو اسے بھی کہیں پوسٹنگ نہ دی جائے۔عدالت نے حکم جاری کیا سزا یافتہ، ضمانت پر رہا نیب ملزمان کو سرکاری محکموں میں تعینات نہ کیا جائے، اگر کوئی افسر تعینات ہے تو اسے فوری طور پر عہدے سے ہٹادیا جائے، حکم پر فوری طور عمل نہ ہونے کی صورت میں توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیوزی لینڈ کے کرکٹ بورڈ حکام نے تصدیق کی ہے کہ وہ اب دورہ پاکستان کریں گے۔ کیوی کرکٹ بورڈ حکام نے ایک پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ کیوی کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ نے نیوزی لینڈ کے مستند ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ وہ پی سی بی کے ساتھ دورہ پاکستان سے متعلق بات چیت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف ٹی پی 2023 مکمل ہونے سے پہلے دونوں بورڈ اس منسوخ ہونے والے دورے کو دوبارہ ری شیڈول کرنے پر رضامند ہیں۔ کھیلوں کی خبریں دینے والی غیر ملکی ویب سائٹ کا دعویٰ ہے کہ اس دورہ پاکستان کی حتمی تاریخوں سے متعلق اعلان آئندہ ہفتے میں متوقع ہے۔ یاد رہے کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کو بریفنگ میں چیئرمین پی سی بی نے کہا تھا کہ پاکستان کرکٹ کو کوئی ردی کی ٹوکری میں نہیں ڈال سکتا، جب تک آواز نہیں اٹھائیں گے تب تک کوئی کام نہیں بنے گا۔ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے یہ بھی بتایا تھا کہ نیوزی لینڈ نے پاکستان کا دورہ منسوخ کیا، اب پھرسے رابطہ کرلیا، آئندہ ہفتے نیوزی لینڈ کے ساتھ ہوم سیریز دوبارہ شیڈول کرنے کا اعلان کردیا جائے گا، نیوزی لینڈ کو نومبر 2022 میں دورے کی تجویز دے سکتے ہیں۔
نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا دوسرا مرحلہ لاہور میں جاری ہے،سیکیورٹی کے باعث شہر میں ٹریفک کے مسائل بھی بڑھ رہے ہیں،جس کا لاہور ہائیکورٹ نے نوٹس لے لیا،ہائیکورٹ نے میچز کے لیے مکمل ٹریفک بند کرنے سے منع کردیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچز کی وجہ سے راستے بند کرنے کے معاملے پر سماعت کی،جسٹس شاہد کریم نے ٹریفک مکمل بند ہونے پر اظہار برہمی کیا،انہوں نے ریمارکس دیئے کہ ڈومیسٹک کرکٹ کیلئے اتنی سیکیورٹی کی کیا ضرورت ہے،میں دو دن سے ٹریفک میں پھنس رہا ہوں، مجھے گھر جانے میں ڈیڑھ گھنٹہ لگ جاتا ہے۔ جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس میں مزید کہا کہ لاہور میں اسموگ شروع ہوچکا ہے،ٹریفک بند نہیں ہونی چاہیے،جو آلودگی ٹریفک بند ہونے سے پھیلے گی اسے سارا سیزن کنٹرول نہیں کرسکیں گے،سی ٹی او نے جواب دیا کہ ہم ایس او پیز پر عمل کر رہے ہیں،سماعت کے دوران وکیل درخواست گزار نے کہا کہ جب ٹریفک بند کرتے ہیں تو 15 لاکھ گاڑیاں پھنس جاتی ہیں، عدالت نے سیکریٹری داخلہ کو پیر کو طلب کرتے ہوئے حکم دیا کہ ٹریفک مکمل بند کرنے کے بجائے سگنل فری کریں۔ لاہورمیں جاری نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوسرے مرحلے میں آج بھی دو میچز شیڈول ہیں،سہ پہر تین بجے پہلے میچ میں سینٹرل پنجاب کا مقابلہ ناردرن سے ہوگا،سینٹرل پنجاب آٹھ میں سے پانچ فتوحات کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پرسرفہرست ہے، ناردرن کا تیسرا نمبر ہے،دوسرے میچ میں شام ساڑھے سات بجے سدرن پنجاب کی ٹیم سندھ سے ٹکرائے گی،ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کھلاڑی آج سے ٹی ٹوئنٹی کپ کا حصہ نہیں ہوں گے۔
وزیراعظم پاکستان عمران خان سے امریکی صدر جوزف بائیڈن نے ابھی تک ٹیلی فونک رابطہ نہیں کیا اس اہم معاملے پر اب امریکی دفترخارجہ کے اردو ترجمان زیڈ طرار نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اصل سوال یہ نہیں کہ فون کال ہوئی یا نہیں، بلکہ ہمارے نزدیک اصل سوال یہ ہے کہ اس وقت پاک امریکا تعلقات کیسے ہیں؟ امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ اگر پاک امریکا تعلقات کا حالیہ صورتحال کے تناظر میں جائزہ لیا جائے تو ہمارے تعلقات دوطرفہ احترام پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ ملکر مشترکہ مفادات کیلئے کام کرنے کو تیار ہے جس کا مطلب ہے کہ یہ تعلقات باہمی احترام کے حامل ہیں۔ ایک انٹرویو کے دوران امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے خلاف پابندیوں کا قانون ابھی صرف مسودہ ہے اور کئی مسودے ایسے ہوتے ہیں جو کبھی قانون نہیں بنتے اور نہ ہی کوئی حتمی شکل اختیار کر پاتے ہیں۔ اہم یہ ہے کہ دونوں ممالک باہمی احترام پر مبنی تعلقات کی بنا کر ملکر مشترکہ مفادات کیلئے بڑے سے بڑا قدم بھی اٹھانے کو تیار ہیں۔
وفاقی وزیر برائے کشمیر امور علی امین گنڈا پور نے مہنگائی کا مقابلہ کرنے کیلئے عوام کو روٹی اور چینی کا استعمال کم کرنے کا مشورہ دیا ہے ، ان کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے شروع ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے آزاد کشمیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مہنگائی کا ذمہ دار آصف علی زرداری اور نواز شریف کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام روٹی اور چینی کا استعمال کم کردیں تو مہنگائی پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ علی امین گنڈا پور کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے اور کہا کہ وفاقی وزیر کو بجائے عوام کو مشورہ دینے کے مہنگائی کم کرنے کے اقدام کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔ صحافی وجاہت مسعود نے علی امین گنڈا پور کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کوئی محترم وفاقی وزیر کو بتا دے کہ اس ملک کے کروڑوں عوام کی بنیادی خوراک روٹی ہی ہے۔ ہم غریب لوگ روٹی نگلنے کے لئے سالن کے نام پر چٹنی، اچار, پیاز یا چھاچھ استعمال کرتے ہیں۔ ایک صارف نے علی امین گنڈا پور پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر اگر تھوڑا شہد استعمال کرنے کا مشورہ دیتے تو اور اچھا ہوتا۔ مومنہ نقوی نامی صارف نے وزیراعظم عمران خان کے ایک دستر خوان کی تصویر شیئر کی جس پر انواح واقسام کے کھانے چنے ہوئے تھے اور کہا کہ وزیر عوام کو چینی اور روٹی کم کھانے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ کمالاں نامی صارف نے کہا جتنی مہنگائی ہے اس میں ویسے ہی عوام صرف زندہ رہنے کیلئے ہی کھا سکتے ہیں۔ عمیزہ علی نے کہا کہ موصوف منسٹرخود عوامی خزانے کے پیسوں سے پیٹ بھر کر کھاتا پیتا ہے اور غریب عوام کو فاقے کی ترغیب دیتا ہے۔ رضوان نے کہا کہ علی امین گنڈاپور نے مہنگائی پر قابو پانے کیلئے فارمولا بتا دیا، صاف چلی شفاف چلی۔ ریا کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر کے مشورے کے مطابق عوام چائے میں چینی کے 100 دانوں کے بجائے91 دانے ڈالیں۔ ایک صارف نے وزیراعظم عمران خان کی کھانا کھاتے اور دستر خوان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ کپتان اپنے وزیر کی نصیحت پر عمل کرتے ہوئے۔ علینہ حیات نے کہا کہ علی آمین گنڈاپور کی عوام کو مہنگائی سے بچنے کا بہترین مشورہ چینی استعمال کم کریں شوگر بھی کنٹرول ھوگا آٹے کا استعمال کم کریں بیماری اور پیٹ بڑھنے کا خطرہ بھی کم ھوگا۔
این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے برطانیہ کی جانب سے چینی ویکسین سے انکار پر امریکا اور یورپ میں جعلی ویکسین سرٹیفکیٹ کی خبریں شیئر کردی ہیں۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے برطانیہ کی جانب سے چائنیز کمپنیوں کی تیار کردہ ویکسین کی منظوری نہ دینے کے فیصلے پر تنقید اور کہا کہ چینی ویکسین بھی عالمی ادارہ صحت کی جانب سے منظور شدہ ہیں۔ اسد عمر نے اپنی ٹویٹ میں امریکا اور یورپ میں جعلی ویکسین سرٹیفکیٹ کی خبروں کے تراشے شیئر کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کا ماننا ہے کہ گورا سرٹیفکیٹ اور ویکسین ٹھیک ہے تاہم چائینز ویکسین ٹھیک نہیں ہے، امریکا اور یورپی ممالک میں جعلی ویکسین سرٹیفکیٹ کی بھرمار کے ہوتے ہوئے یہ فیصلہ سمجھ میں نہیں آتا۔ اسد عمر نے کہا کہ کیا حکومتوں کو فیصلے طبی ضروریات کے تحت کرنے ہیں یا نو آبادیاتی ذہنیت کے عکاس فیصلے ہوں گے؟ واضح رہے کہ برطانوی حکومت نے چینی کمپنیوں کی تیار کردہ ویکسین کو انکار کرتے ہوئے اپنی کمپنیوں ایسٹرازینیکا، جونسز اینڈ جونسز سمیت امریکی کمپنیوں کی تیار کردہ ویکسین کی منظوری دی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بڑا دعویٰ کردیا ہے۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کو ری شیڈولڈ کرنے سے متعلق اگلے ہفتے اچھی خبرآ نے کی توقع ہے۔ رپورٹ کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس چیئرمین رضا ربانی کی صدارت میں ہوا جس میں کمیٹی اراکین کے علاوہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ،ایتھلیٹ ارشد ندیم، طلحہ حبیب نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران رمیز راجہ نے کمیٹی کو بتایا کہ پاکستان کی جانب سے نیوزی لینڈ پر دباؤ ڈالے جانے کا فائدہ ہوا ہے اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ دورہ کو ری شیڈولڈ کرنے پر غور کررہا ہے، امید ہے کہ اگلے ہفتے اچھی خبر سننے کو ملے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نیوزی لینڈ کی جانب سے سیکیورٹی خدشات کو وجہ بنا کر دورہ کینسل کیا گیا تاہم ہمیں کوئی تفصیل نہیں بتائی گئی۔ برطانوی ہائی کمیشن نے 'فائیوآئیز' کے متعلق بتایا، دورہ منسوخی میں ہماری کوئی غلطی نہیں ہے ہم نے دس سال اپنے ملک میں کرکٹ کی بحالی کی جدوجہد کی اس میں کسی ملک نے ہماری مدد نہیں کی۔ رمیز راجہ نے کہا کہ ہم دوسروں کیلئے بھٹکتے رہے ، کورونا بحران کے دوران بھی دوسرے ممالک جاکر کرکٹ کھیلتے رہے مگر جب ہماری باری آئی تو کسی نے ہماری مدد نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان مارچ میں متوقع ہے۔
پی آئی اے کے سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے یورپی یونین کی پاکستان میں موجود سفیر اندرولاکمینارا سے ملاقات کی اور یورپ کیلئے قومی ایئرلائن کی پروازوں کی بحالی کے معاملے کو اٹھایا۔ جس پر یورپی یونین کی سفیر نے دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے واضح کر دیا کہ یہ پروازیں کس طرح بحال ہو سکتی ہیں۔ اندرولا کمینارا نے کہا کہ پی آئی اے حکام ہر بار یہی تقاضا کرتے ہیں کہ یورپ کیلئے پی آئی اے کی پروازوں کو بحال کیا جائے لیکن اس کیلئے یورپی یونین نے جو اقدامات کرنے کا مطالبہ کر رکھا ہے اس بارے میں کوئی توجہ نہیں دی جاتی۔ یورپی یونین کی سفیر نے کہا کہ سول ایوی ایشی اتھارٹی کو اپنے اسٹینڈرڈز پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔ یہی نہیں سی اے اے کو اپنا آڈٹ بھی کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے یورپی یونین نے جولائی اور اگست میں خط بھی لکھا کہ 9 نومبر کو سی اے اے حکام اور یورپی یونین کے مابین طے ملاقات سے قبل ایک پری میٹنگ 15 اکتوبر کو رکھی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کا مقصد یہی تھا کہ اس مسئلے کا کوئی دیرپا حل تلاش کیا جا سکے۔ یورپی یونین کی پاکستان میں موجود مندوب کی بات سننے کے بعد سی ای او ایئرمارشل ارشدملک نے یقین دہانی کرائی کے وہ اس معاملے پر ڈی جی سی اے اے سے ذاتی طور پر ملاقات کریں گے تاکہ یورپ میں پی آئی اے کے سفر پر پابندی کیلئے کیے جانے والے اقدامات کیلئے مزید تیز حکمت عملی اپنائی جا سکے۔ دوسری جانب ترجمان پی آئی اے نے بھی اس ملاقات کی تصدیق کی ہے اور کہا کہ قومی ایئرلائن کو یورپ میں جس پابندی کا سامنا ہے اس کے حل کیلئے جلد ہی اجلاس طلب کیا جائے گا۔ جس میں اس حوالے سے بہتر لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ البتہ ترجمان نے سول ایوی ایشن سے متعلق سامنے آنے والے مطالبے پر کوئی تبصرہ نہ کیا۔ اطلاعات کے مطابق یورپی یونین کی پاکستان میں مندوب اندرولا کمینارا نے افغانستان سے انخلا کے دوران یورپی یونین کے اہلکاروں کی مدد پر سی ای او پی آئی اے کا شکریہ ادا کیا۔
نواز شریف کو ایک بار پھر کورونا ویکسین لگ گئی ، ویکسینیشن ریکارڈ میں نواز شریف کا نام ایک بار پھر ڈال دیا گیا. لندن میں مقیم سابق وزیراعظم نوازشریف کی سائنو ویک کے بعد کین سائنو کی بھی سنگل ڈوز کی انٹری ہو گئی۔ نواز شریف کے ویکسی نیشن اسٹیٹس کی تصدیق بھی کرلی گئی. نوازشریف کی کین سائنو سنگل ڈوز ویکسی نیشن کی انٹری 3 اکتوبر کو نارووال پبلک اسکول میں ہوئی جبکہ نوازشریف کی سائنوویک کی پہلی ڈوز کی انٹری 22 ستمبر کو لاہور کے اسپتال میں ہوئی تھی. دنیا ٹی وی سے منسلک صحافی حسن رضا نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے موبائل پر این سی او سی کا پیغام اور ویب سائٹ پر تصدیقی سکرین شاٹ شیئر کیا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی کورونا ویکسی نیشن ریکارڈ میں ان کا نام درج ہے، پہلے بھی اس حوالے سے کورونا ویکسی نیشن ریکارڈ میں سابق وزیراعظم کا نام سامنے آیا تھا جس پر حکام کی جانب سے تحقیقات کی گئیں تھیں۔ انکوائری کمیٹی نے سات فراد کو ذمہ دار قرار دیا جبکہ کمیٹی کی فائنڈنگ میں کہا گیا ہے کہ ویکسی نیشن سنٹر پر تعینات عملہ غیر تربیت یافتہ تھا، کوٹ خواجہ سعید اسپتال کے ویکسی نیشن سنٹر سے متعدد اندراج کو کینسل کیے جانے کا بھی انکشاف سامنے آیا۔ رپورٹ کے مطابق واقعہ میں سب سے زیادہ غفلت ایم ایس ڈاکٹر احمد ندیم کی تھی، ریکارڈ کی چیکنگ کے دوران بہت سے تضادات پائے گئے. رپورٹ میں ایم ایس ڈاکٹر احمد ندیم، ڈاکٹر منیر احمد، کلرک نوید، نرس صبا ریاض، وارڈ بوائے عادل رفیق، چوکیدار ابوالحسن اور ایم ایس کے پی اے رانا مظفر کےخلاف کارروائی کی سفارش کی گئی تھی۔
برطانیہ کی جانب سے پاکستانیوں پر سفری پابندیاں نرم برطانیہ نے پاکستان کو نئی سفری فہرست میں شامل کر لیا،جس کے بعد پاکستانیوں کیلئے سفری پابندیوں میں نرمی کردی گئی ہے،برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کے مطابق کورونا کی تسلیم شدہ مکمل ویکسینیشن کے ساتھ برطانیہ جانیوالے پاکستانیوں کو اب برطانیہ میں قرنطینہ نہیں کرنا پڑے گا،انہیں نادرا سرٹیفکیٹس دکھا کر صرف دو روز کے اندر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔ برطانوی حکام کے جاری بیان کے مطابق اس فیصلے کے بعد ریڈ لسٹ میں شامل ممالک کی تعداد 7 رہ گئی، پاکستان سمیت 47 ممالک کو ریڈ لسٹ سے نکالا گیا ہے،ان ممالک میں برازیل، گھانا، ہانگ کانگ، بھارت، جنوبی افریقا اور ترکی بھی شامل ہیں،اعلان کردہ 47 ممالک پیر سے برطانیہ کی جاری کردہ ریڈ لسٹ سے نکل جائیں گے،برطانوی ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی کے مطابق ان ممالک سے آنیوالے مکمل ویکسینیٹڈ اور 18 سال سے کم عمر افراد کو اب صرف برطانیہ پہنچنے کے دوسرے دن ٹیسٹ کرانا ہوگا۔ برطانوی سیکریٹری ٹرانسپورٹ کے مطابق ان ممالک سے آنے والے مسافروں کو پی سی آر ٹیسٹ بھی نہیں کرانا ہوگا،لیکن تمام مسافروں کے لیے لوکیٹر فارم بھرنا لازمی ہوگا،ایسٹرا زینیکا، فائزر، موڈرنا اور جانسن ویکسین لگوانے والوں کو قرنطینہ سے استثنیٰ ہو گا۔ گیارہ اکتوبر سے برطانیہ میں منظور شدہ چار ویکسینز میں سے کسی ایک کی پاکستان میں مکمل طور پر ویکسین لگائے جانے پر آئی سولیشن ہونے یا پری ڈیپارچر ٹیسٹ کی ضرورت نہیں ہو گی۔
پورٹ قاسم حکام کی من مانی، پہلے آنے والے چاول کے جہاز کی بجائے ٹی سی پی کے چینی کے جہاز کو جگہ دے دی، برآمدی کھیپ کی لوڈنگ میں تاخیر کے باعث دو ارب روپے مالیت کا ایکسپورٹ آرڈر خطرے میں پڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق چاولوں کی برآمدی کھیپ کو لوڈ کرنے کے لیے بحری جہاز کو برتھ فراہم نہ کرنے پر پاکستان کا دو ارب روپے مالیت کا ایکسپورٹ آرڈر تاخیر کا شکار ہو گیا ہے۔ ایسٹ ونڈ شپنگ کمپنی نے خط کے ذریعے چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی سمیت پورٹ حکام کو مطلع کیا کہ پورٹ حکام نے پاکستان سے چاول کی برآمدی کھیپ لینے پہلے آنے والے جہاز کے بجائے ٹی سی پی کے لیے چینی لانے والے بحری جہاز کو برتھ فراہم کردی، اس اقدام کی وجہ سے رائس ایکسپورٹرز کو یومیہ 40 ہزار ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت بحری امور نے 5 اکتوبر کو چاول لے جانے والے جہاز کو برتھ سے ہٹا کر ٹی سی پی کی چینی کا جہاز برتھ کرنے کے احکامات جاری کئے، میری ٹائم منسٹری کے اس اقدام کی وجہ سے چاولوں کے خریدار ایل ڈی سی نے مستقبل میں پاکستان کے ساتھ کام کرنے سے انکار کر دیا۔ رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے بھی وزیر برائے ساحلی امور علی زیدی کے نام خط لکھا جس میں بتایا گیا کہ چاول کی برآمدات سمندری کرائے بڑھنے کی وجہ سے پہلے ہی بحرانی کیفیت کا شکار ہیں، ، چاول کی کنسائمنٹ لینے آنے والے جہاز کو برتھ دینے کی اجازت منسوخ کرکے دوسرے چینی لانے والے جہاز کو برتھ دینا ناانصافی ہے، اس سے ایکسپورٹرز کو نقصان ہوگا جن کے لیٹر آف کریڈٹ بھی ایکسپائر ہونے کے قریب ہیں۔ قائم مقام چیئرمین رائس ایکسپورٹ ایسویسی ایشن کا کہنا تھا کہ سیکریٹری میری ٹائم کے احکامات غلط ہیں، رائس ایکسپورٹرز کی محنت سے انڈیا سے چاول خریدنے والے بڑے خریدار کو پاکستان لے کر آئے ہیں لیکن محنت رائیگاں ہونے کا اندیشہ ہے کیونکہ تاخیر کی وجہ سے خریدار نے آئندہ پاکستان سے چاول نہ خریدنے کی دھمکی دی ہے، اس وقت 38 ہزار ٹن اور دو ارب سے زائد کا چاول پورٹ قاسم پر جانے کے لیے موجود ہے، میری ٹائم منسٹری کے اقدامات سے نہ صرف ایکسپورٹرز بلکہ ملکی ایکسپورٹ کو بھی نقصان ہو گا۔ چاول ایکسپورٹ کرنے والی ٹریڈنگ کمپنی نے پورٹ اتھارٹیز کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا عندیہ دے دیا۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے ناصر محمود ستی نے ڈالر مافیا کی اکثریت کا تعلق خیبر پختون خوا سے ہونے کا انکشاف کر دیا، کہتے ہیں کہ ڈالر مافیا کے 54 میں سے 37 افراد کا تعلق خیبر پختون خوا سے ہے۔ تفصیلات کے مطابق پشاور ہائی کورٹ میں ہنڈی اور کرنسی کاروبار میں گرفتار ملزمان کے کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے گرفتار ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں سنی، ملزمان کے وکلا قیصر زمان، اظہر یوسف اور شبیر حسین گیگیانی عدلت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت ڈی جی ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ حال ہی میں اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس ہوا، جس میں 54 ایسے افراد کی نشان دہی کی گئی جو ڈالرز کی اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث ہیں، ڈالر مافیا کی جانب سے ڈالر کی ذخیرہ اندوزی کی جاتی ہے، جب مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت بڑھ جانے پر یہ افراد ڈالر کو مارکیٹ میں لے آتے ہیں اور خوب کمائی کرتے ہیں، ان 54 افراد میں سے 37 کا تعلق خیبر پختون خوا سے ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ڈالر کی اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث 20 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، اور ان افراد کو حراست میں لیے جانے کے بعد ڈالر کا ریٹ 178 سے گر کر 173 پر آ گیا ہے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے ناصر محمود ستی نے بتایا کہ 13 مزید افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جنھوں نے ذخیرہ اندوزی کر رکھی تھی اور ان کے پاس سے کروڑوں روپے مالیت کی کرنسی برآمد کی گئی ہے۔ ملزمان کے وکلا نے مؤقف اختیار کیا کہ حال ہی میں ایف آئی اے نے ہنڈی اور کرنسی کاروبار کرنے والے متعدد افراد کو گرفتار کیا ہے، ان افراد کے خلاف موجود قانون کی بجائے 3 ایم پی او کے تحت کارروائی کی گئی جبکہ ڈپٹی کمشنر پشاور کی جانب سے ان کو ایک ماہ کے لیے پابند سلاسل کرنے کا حکم بھی جاری کیا گیا جو کہ غیر قانونی اور غیر آئینی ہے، لہٰذا عدالت ان کی ضمانت منظور کر کے رہائی کا حکم جاری کرے۔ چیف جسٹس قیصر رشید خان نے ریمارکس دیئے کہ یہ سلسلہ تو گزشتہ کئی سالوں سے چل رہا ہے اعلیٰ حکام کو اب پتا چلا کہ ڈالر کا ریٹ کہاں پر جا رہا ہے، ہنڈی اور کرنسی کی اسمگلنگ کرنے والوں کو کھلی چھوٹ نہیں دی جانی چاہیئے، مگر جو قانون موجود ہے اس کے مطابق عمل درآمد کیا جائے۔ جسٹس شکیل احمد نے ریمارکس دیے کہ غیر قانونی کرنسی ڈیلرز کے خلاف بھی سخت ایکشن لیں مگر قانون کے تحت لیں، ہنڈی اور کرنسی کے غیر قانونی کاروبار سے ہماری معیشت تباہ ہو گئی ہے، جس سے لوگوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایف آئی اے کی درخواست پر ان افراد کو ایک ماہ کے لیے جیل میں رکھا جاتا ہے، اور پھر اس میں اضافہ بھی کریں، تو ایک دن انھیں جیل سے باہر آنا ہوگا، کیوں کہ 3 ایم پی او کے تحت ایک مجوزہ وقت دیا جاتا ہے جس کے بعد انھیں جیل میں نہیں رکھا جا سکتا۔ ڈی جی ایف آئی اے ناصر ستی نے عدالت کو بتایا کہ اب بھی ان افراد کے کارندے سرگرم ہیں، بلیک منی اور ڈالر کی ذخیر اندوزی میں ملوث ملزمان کو نہیں چھوڑا جا رہا، تاہم اس میں بعض ملزمان قانون کا سہارا لے کر جلدی رہا ہو جاتے ہیں، اور مجبوراً ڈپٹی کمشنر سے 3 ایم پی او کے تحت آڈر لیا گیا ہے، جس کا ان کے پاس اختیار ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جو کوئی بھی ملوث ہے اس کے خلاف کارروائی کریں، مگر قوانین کو مدنظر رکھیں۔ عدالت نے 3 ایم پی او کے تحت گرفتار ملزمان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے 20 لاکھ روپے جمع کروانے کے احکامات جاری کر دیئے۔
پاکستان نے بھارت میں مسلمانوں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں اقلیتی برادری محفوظ نہیں، عالمی برادری بھارت کی ان حرکتوں کا نوٹس لے۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ وار بریفنگ کے دوران دفترِخارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے بھارتی ریاست آسام میں مسلمانوں پر حملے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ فاشسٹ ہندو توا بلوائی بھارت میں اقلیتوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، بھارت میں اقلیتی برادری محفوظ نہیں، 3 اکتوبر کو پانچ سو ہندوؤں نے چرچ پر حملہ کیا، انتہاء پسند ہندووں کی طرف سے مسلمانوں اور دیگر مذاہب پر حملے جاری ہیں۔ ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور قابض بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیریوں کی شہادتوں کا سلسلہ جار ی ہے، بھارت کی جانب سےکشمیرمیں یکطرفہ اقدامات قبول نہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارت یکطرفہ اقدامات خطے کے امن کیلئے خطرہ ہیں۔ ترجمان عاصم افتخار نے کشمیر میں بھارتی اقدامات کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کیا کہ اس سے قبل کہ بہت دیر ہو عالمی برادری بھارت کی ان حرکتوں کا نوٹس لے۔ ترجمان عاصم افتخار نے کہا ہے کہ امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمن آج اور کل پاکستان کا دورہ کریں گی، دورے کے دوران پاک امریکا دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان افغانستان میں دیرپا استحکام کا خواہاں ہے، پاکستان اور امریکا کے درمیان دو طرفہ مفادات پر مبنی تعلقات ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے جعلی خط کے حوالے سے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان نیویارک میں ڈپٹی سیکرٹری کے دورہ پاکستان پر بات ہوئی، وزارت خارجہ کے امریکا میں سفیر کے حوالے سے جعلی خط کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔
وزارت خزانہ نے پاکستان کے ماہر معاشیات مزمل اسلم کو ترجمان مقرر کردیا ہے، ان کی تقرری کا نوٹی فکیشن جلد جاری ہوگا۔ عالمی تقابل میں پاکستان کی معیشت پر گہری نگاہ رکھنے والے سینئر تجزیہ کار و ماہر معاشیات مزمل اسلم گزشتہ دو دہائیوں سے اہم مقامی اور بین الااقوامی اداروں کے ساتھ منسلک رہے ہیں جن میں وہ ایکویٹی مارکیٹ، بزنس ڈیویلپمنٹ اینڈ فنانشل، کیپیٹل مارکیٹ ریسرچ پر عبور رکھتے ہیں۔ ان کی اس تعیناتی سے متعلق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے ٹویٹ کیا اور انہیں مبارکباد دیتے ہوئے حکومت میں خوش آمدید کہا۔ مزمل اسلم نے جامعہ کراچی سے پبلک ایڈمنسٹریشن، اکنامکس کی اعلی تعلیم کے علاوہ برطانیہ کی یونیورسٹی آف بیتھ سے جدید معیشت میں تعلیم حاصل کی ہے۔ معاشی تجزیہ کار مزمل اسلم ای ایف جی ہرمیس کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر، کسب اور جے ایس گلوبل کے ہیڈ آف بزنس ڈیویلپمنٹ رہے ہیں۔ مزمل اسلم موجودہ وقت ایمرجنگ اکنامک ریسرچ کیلئے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ماہر معیشت مزمل اسلم ملک کے بڑے فورمز کے علاوہ یوٹیوب چینل اور امریکی نیوز پورٹل ورلڈ نیوز آبزرور کے مستقل لکھاری بھی ہیں۔ مزمل اسلم نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا تھا کہ اس وقت عالمی سطح پر پاکستان کو معاشی اور اندرونی نقصان پہنچانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی آئی جے کے پینڈورا بکس نے عوام میں ملک کے اداروں پر بد اعتمادی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان معاشی بحران سے نکلنے کی تگ و دو میں ہے اور اس رفتار کیلئے عالمی حربے استعمال کیے جارہے ہیں۔ مزمل اسلم نے بتایا کہ پاکستان مستقبل کی عالمی تجارت کا محور ہے اور بعض عالمی قوتوں کو اس کی یہ ترقی کھٹک رہی ہے۔
لاہور ہائی کورٹ کی کاپی برانچ میں توڑ پھوڑ۔۔وکیل گرفتار لاہور ہائی کورٹ کی کاپی برانچ میں وکیل آپے سے باہر ہوگیا،مقدمے کی کاپی نہ ملنے پر توڑ پھوڑ مچا دی،برانچ کے شیشے بھی توڑ دیئے، پولیس نے ایڈووکیٹ ماجد جہانگیر کو گرفتار کرلیا۔ ایڈووکیٹ ماجد جہانگیر مقدمے کی کاپی نہ ملنے پر ڈنڈا تھامے کاپی برانچ پر دھاوابول دیا، لاہور ہائیکورٹ سیکیورٹی نے ایڈووکیٹ ماجد جہانگیر کو گرفتار کیا جس کے بعد ایڈووکیٹ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انسدادِ دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل فرحان شہزاد نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ توڑ پھوڑ کرنے والے وکیل کا پہلے مرحلے میں لائسنس معطل کیا جائے گا،پھر منسوخ کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ وکلا کو بدنام اور قانون ہاتھوں میں لینے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
کاپی برانچ میں وکیل کی توڑ پھوڑ۔۔ ایڈووکیٹ ماجد جہانگیر کا موقف مسترد لاہورہائیکورٹ کاپی برانچ میں وکیل نے گزشتہ روز مقدمے کی کاپی تاخیر سے ملنے پر توڑ پھوڑ کی، شیشے بھی توڑ دیئے تھے، جس پر کمالیہ بار ایسوسی ایشن کا موقف بھی سامنے آگیا ہے، بار ایسو سی ایشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں واضح طور پر واقعے کا ذمہ دار ایڈووکیٹ ماجد جہانگیر کو ٹھرایا گیا ہے۔ جنرل سیکریٹری بار ایسوسی ایشن کمالیہ ملک مشکور احمد کھوکھر ایڈووکیٹ ہائیکورٹ کی جانب سے جاری پریس میں کہا گیا کہ بار ایسو سی ایشن کے اراکین کو اس حوالے سے مطلع کیا جاتا ہے کہ اس ناخوشگوار واقعے کی ذمہ داری ماجد جہانگیر ایڈووکیٹ ہائیکورٹ معزز ممبر کمالیہ پر ڈالی جارہی ہے،ماجد جہانگیر کے مؤقف کو یکسر مسترد کردیا گیا ہے۔ جنرل سیکریٹری بار ایسوسی ایشن کمالیہ نے مزید کہا کہ معزز رکن کی جب سے انگلیںڈ سے واپسی ہوئی ہے وہ ذہنی دباؤ کا شکار ہیں،بعض اوقات انہیں خود علم نہیں ہوتا کہ وہ کیا کررہے ہیں،انہوں نےکاپی برانچ میں بھی ایسا ہی کچھ کیا، ان کی دماغی صحت سے ان کے اہلخانہ اور احبات بھی واقف ہیں۔ ایڈووکیٹ ہائیکورٹ ملک مشکور احمد کھوکھر نے وضاحت دی کہ سوشل میڈیا پر غلط فہمی کی وجہ سے یکطرفہ موقف دہرایاجارہاہے،حقیقت اس کے برعکس ہے، سراسر غلط طور پر دہشت گردی کی دفعات پر مقدمہ درج کیا گیا ہے،جس سے بار ایسو سی ایشن میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے،اس حوالے سے آج بار روم بار ایسوسی ایشن کمالیہ میں جنرل ہاؤس میں ہنگامی اجلاس بھی بلایا گیا۔ گزشتہ روز مقدمہ کی کاپی تاخیر سے ملنے پر وکیل ماجد جہانگیر نے لاہور ہائیکورٹ کاپی برانچ کے کاؤنٹر کے تمام شیشے توڑ دیئے تھے،وکیل کو گرفتار کرلیا گیا تھا،ہائیکورٹ سیکیورٹی نے وکیل کو گرفتار کرکے دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا تھا،پنجاب بار کونسل ڈسپلنری کمیٹی نے وکیل کا لائسنس منسوخ کرنے کے لئے معاملہ ٹربیونل کو بھجوا دیا،بار کونسل نے واقعے کی پر زور مذمت کرتے ہوئے وکیل کا لائسنس بھی معطل کردیا تھا۔
پنجاب پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) کے وائس چیئرپرسن حافظ ذیشان رشید نے جمعرات کو لاہور کے تمام پبلک پارکوں میں طلباء کے داخلے پر 2 بجے تک پابندی عائد کردی۔ پی ایچ اے کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ لاہور کے تمام پارکوں میں دن 2 بجے تک طلبا کو داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد سکولوں میں طلباء کی حاضری کو یقینی بنانا ہے۔ اس حوالے سے پی ایچ اے انتظامیہ نے تمام پارکوں کے پراجیکٹ ڈائریکٹرز کو نوٹیفکیشن جاری کیا۔ جس کے مطابق سکولوں اور کالجوں کے یونیفارم پہننے والے طلباء اور بغیر خاندان کے بچے لاہور کے کسی بھی پبلک پارک میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی پنجاب انتظامیہ نے مینار پاکستان ہراساں کرنے کے واقعے کے بعد تمام عوامی پارکوں میں ٹک ٹاکرز کے داخلے پر پابندی عائد کر دی تھی۔ قبل ازیں پی ایچ اے کی جانب سے کہا گیا تھا کہ لاہور کے 5 بڑے پارکوں میں ویڈیو بنانے پر پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ وائس چیئرمین پی ایچ نے کہا تھا کہ پارکس میں ٹک ٹاکرز اور سوشل میڈیا چینلز پر کام کرنے والوں کو ویڈیو بنانے نہیں دی جائے گی۔ پبلک پارک میں ویڈیو بنانے والوں سے پیسے لیے جانے کی تجویز بھی زیر غور ہے، پیسے وصول کرنے کے بعد پی ایچ اے مطلوبہ وقت کیلئے سکیورٹی بھی فراہم کرے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس حوالے سے پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ میں فیصلے کیے جائیں گے۔