لڑکی کا روپ دھار کر لڑکوں کو پھنسانے والے گروہ کا سرغنہ گرفتار

sarganah11.jpg


پنجاب کے ضلع اوکاڑہ میں لڑکی بن کر نوجوان لڑکوں کو پھنسانے اور پھر فحش ویڈیوز بنانے والے گروہ کا سرغنہ گرفتار کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع اوکاڑہ میں نوعمر لڑکوں کو جھانسہ دے کر فحش ویڈیوز بنانے والے گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے، گروہ کا سرغنہ لڑکوں کو جھانسہ دینے کیلئے لڑکی کا روپ دھار لیتا تھا۔

پولیس کے مطابق سخاوت ایک ایسے گروہ کا سرغنہ تھا جو سوشل میڈیا پر لڑکی بن کر کم عمر لڑکوں کو پھنسانے اور پھر فحش ویڈیوز بناکر بلیک میل کیا کرتا تھا، اس مقصد کیلئے سوشل میڈیا پر لڑکیوں کے ناموں سے بنائے گئے اکاؤنٹس سے لڑکوں سے رابطہ کیا جاتا اور انہیں بلیک میل کرکے لاکھوں روپے وصول کیےجاتے بلکہ لڑکوں کو بلا کر مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بھی بنایا جاتا تھا۔

متاثرہ طالب علم کے مطابق ملزم نے لڑکی کے نام سے سوشل میڈیا پر میسجز کیے اور پھر ویڈیو کال کرنے کا کہا، ویڈیو کال پر طالب علم کی فحش ویڈیوریکارڈ کی گئی جس کے ذریعے بعد ازاں طالب علم کو بلیک میل کیا گیا، پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے فحش ویڈیوز برآمد کرلی گئی ہیں اور مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔