ٹائم آؤٹ کرنے پر میتھیوز کی سخت تنقید،شکیب الحسن کا ردعمل سامنے آ گیا

3shakisj radmal.png

بنگلادیش اور سری لنکا کے میچ کے دوران اینجیلو میتھیوز کو ٹائم آؤٹ پر وکٹ حاصل کرنے والے شکیب الحسن کا بیان سامنے آگیا,میچ کے بعد پریس کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے بنگلادیشی کپتان شکیب الحسن نے اینجیلو میتھیوز کے ٹائم آؤٹ پر بننے والے تنازع پر کہا کہ یہ آئی سی سی کا قانون ہے، انہیں ایسے آؤٹ کرنے پر مجھے کوئی افسوس نہیں کیونکہ اس سے ٹیم کی جیت میں مدد ملی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ایک پلئیر میرے پاس آیا اور کہا کہ اگر میں نے ٹائم آؤٹ کی اپیل کرتا ہوں تو وہ آؤٹ ہوجائیں گے، امپائر نے مجھ سے پوچھا کہ کیا میں سنجیدہ ہوں؟ یہ آئی سی سی کا قانون ہے، مجھے نہیں معلوم کہ یہ صحیح ہے یا غلط۔ جب ہم فیلڈ میں تھے مجھے ایسا لگا جیسے میں جنگ میں ہوں۔

سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے بھی اینجیلو میتھیوز کے آؤٹ پر پریس کانفرنس کے دوران مایوسی کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ جب میتھیوز کریز پر آئے تو 5 سیکنڈ باقی تھے۔ انہیں کریز پر ہیلمٹ باندھتے ہوئے تہ چلا کہ وہ ٹوٹ گیا ہے یہ امپائرز کا مایوس کن فیصلہ تھا۔


کرکٹ کی 150 سالہ تاریخ میں سری لنکن بیٹر انجلیو میتھیوز ٹائمڈ آؤٹ قواعد کے تحت آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ان کے اس طرح آؤٹ ہونے پر فورتھ امپائر کی وضاحت بھی آ گئی ۔

دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں سری لنکا اور بنگلہ دیش کے میچ میں میتھیوز کے ٹائمڈ آؤٹ قرار دیے جانے پر کھڑے ہونے والے نئے تنازع پر میچ کے چوتھے امپائر ایڈرین ہولڈ اسٹاک نے کہا کہ رواں ورلڈ کپ 2023 پر ایم سی سی کے قوانین کا اطلاق ہوتا ہے جس کے مطابق وکٹ گرنے کے بعد اگلے بیٹر کو تیار ہونے کے لیے تین منٹ کا وقت دیا جاتا ہے۔

ہولڈ اسٹاک نے قانون کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ اس قانون کے تحت نئے آئنے والے بیٹر کو دو منٹ کے اندر گیند کھیلنے کی پوزیشن میں ہونا چاہیے۔ وکٹ گرنے کے بعد ٹی وی امپائر دو منٹ تک نگرانی کرتا ہے اور پھر فیلڈ امپائر کو اس حوالے سے پیغام پہنچاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میتھیوز نے اپنے ہیلمٹ کا پٹا ٹوٹنے سے قبل ہی اپنا دو منٹ کا وقت ختم کر دیا تھا اور وہ گیند کھیلنے کے لیے تیار نہیں تھے، جس کے بعد شکیب نے آن فیلڈ امپائر ماریس ایراسمس سے اپیل کی جنہوں نے آئی لینڈر بیٹر کو ٹائم آؤٹ قرار دے دیا۔

چوتھے امپائر نے کہا کہ ایسی صورتحال سے بچنے کے لیے وہ بیٹرز کو مشورہ دیں گے کہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ خود کو 15 سیکنڈ میں تیار کریں اور بیٹنگ کے لیے ضروری ہر چیز گارڈز، ہیلمٹ یا دیگر سامان کی موجودگی کو یقینی بنائیں تاکہ ٹائم آؤٹ قانون کے تحت وہ دو منٹ کے اندر کریز پر پہلی گیند کھیلنے کے لیے تیار ہوں۔

کرکٹ کا ٹائمڈ آؤٹ قانون کچھ بھی کہے تاہم اس مسئلے پر کرکٹ کا بڑا حلقہ شکیب الحسن کو تنقید کا نشانہ بنا رہا ہے۔ سابق اور موجودہ کرکٹرز کے ساتھ شائقین کرکٹ بھی بنگلہ دیش کپتان کی اس اپیل پر برہم اور اس کو اسپورٹس مین اسپرٹ کے منافی قرار دے رہے ہیں۔