کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے دوران کون کون سے تنازعات سامنے آ ئے؟

13ghaltfaisjjjjssjjs.png

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے بھارت میں جاری ورلڈ کپ 2023 مختلف تنازعات کا شکار رہا، ایمپائر کےفیصلوں، ڈی آر ایس میتھڈ کی مبینہ غلطیوں، ٹاس سے لے کر پچ کی تبدیلی تک مختلف تنازعات سامنے آئے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت میں اختتام کے قریب پہنچنے والےآئی سی سی ورلڈ کپ میں مختلف تنازعات سامنے آئے، سب سے زیادہ تنازعات کا شکار میزبان بھارت کرکٹ ٹیم رہی جس پر کبھی ٹاس میں گھپلے کے الزام لگے تو کبھی پچ کی تبدیلی کا تنازعہ کھڑ ا ہوا۔

ایونٹ کے شروع ہوتے ہی سب سے پہلا تنازعہ پاکستانی کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ویزوں کے اجراء کا کھڑا ہوااور میدان میں پاکستانی شائقین کو نامناسب رویے کا بھی سامنا کرنا پڑا اور بھارتی شائقین کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں پر جملے کسنے کے واقعات بھی سامنے آئے۔

ایونٹ کے دوران سابق پاکستانی کرکٹر حسن رضا نے بھارت کی جانب سے ٹورنامنٹ میں اپنے لیے خاص گیند اور دوسری ٹیموں کیلئے عام گیند کے استعمال کا الزام عائد کیا تاہم ان کے اس دعوے پر لیجنڈ کرکٹر وسیم اکرم نے ردعمل دیتے ہوئے ان الزامات کی تردید کی اور کہا کہ دنیا کے سامنے پاکستان کا مذاق مت بنوائیں۔

پاکستان سابق کرکٹر سکندر بخت نے ٹورنامنٹ کےد وران دعویٰ کیا کہ بھارتی کپتان میچز سے قبل ٹاس کیلئے سکہ اتنا دور اچھالتے ہیں کہ مخالف ٹیم کے کپتان نتائج دیکھنے سے محروم رہ جائیں۔

ایسا ہی ایک الزام سابق پاکستانی فاسٹ باؤلر عاقب جاوید کی جانب سے بھی سامنے آیا ، انہوں نے کہا کہ بھارتی بورڈ نے ورلڈ کپ کے ہر میچ میں بھارت کے حق میں ٹاس کی دھاندلی کی، وسیم اکرم نے ٹاس سے متعلق الزامات کو بھی افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ یہ معاملہ ناقابل تبصرہ ہے۔

پی سی بی کے ایک پینل میں شامل میچ ریفری نے اپنا نام ظاہر نا کرنے کی شرط پر بتایا کہ آئی سی سی ایونٹ میں ٹاس اچھالنے کا فیصلہ ڈراز میں درج ٹیموں کے ناموں پر ہوتا ہے، جس ٹیم کا نام ڈراز میں پہلےلکھا ہوتا ہے اسی ٹیم کے کپتان کو سکہ اچھالنے کا موقع ملتا ہے۔

ٹورنامنٹ کے دوران بھارتی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی پر بھارت کے میچز کیلئے پچز کی تبدیلی کا بھی الزام سامنے آیا ، یہ الزام سیمی فائنل اور فائنل کے اہم میچز کے بارے میں بھی لگائے گئے۔

ہاک آئی اور کئی متنازع آؤٹ بھی ورلڈ کپ کے دوران زیر بحث رہے۔ جن میں اینجلو میتھیوز کا ٹائم آؤٹ سب سے زیادہ ڈسکس ہوا/