خبریں

معاشرتی مسائل

Threads
0
Messages
0
Threads
0
Messages
0
None

طنز و مزاح

Threads
0
Messages
0
Threads
0
Messages
0
None
جنت ماں کے قدموں تلے ہیں،صوبہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے نوجوان کیڈٹ نے کامیابی پر ماں کے قدم چوم لئے،ایک سو چوالیسویں پی ایم اے لانگ کورس کے سوارڈ آف آنر فاتح کیڈٹ کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے،جہاں وہ پاسنگ آؤٹ پریڈ کے بعد اپنی ماں کے قدم کو بوسہ دے رہاہے،عوام کی جانب سے نوجوان کے اقدام کو خراج تحسین پیش کیا جارہاہے۔ بی ایس یو او بٹالین سینئر انڈر آفیسر 144 ویں پی ایم اے لانگ کورس کے عثمان انور بلوچ کو 9 اکتوبر کو پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کیلئے اعزاز سے نوازا گیا، اعزاز ملنے پر عثمان نے خوشی سے ماں کے قدم چوم لئے،ضلع نوشکی کا عثمان یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے بلوچ ہیں، جس سے نہ صرف ملک بلکہ بلوچستان کا سر بھی فخر سے بلند ہوگیا۔ عثمان ملٹری کالج آف سوئی سے فارغ التحصیل ہے ،یہ ایک فوجی بورڈنگ اسکول ہے،عثمان کے والد ایک ریٹائرڈ فوجی افسر ہیں،جبکہ دو بھائی بھی پاک فوج کا حصہ ہیں،عثمان کی کارکردگی نے والدین اور بھائیوں کا سر بھی فخر سے بلند کردیا۔
ایم کیو ایم پاکستان نے ایک بار پھر وفاقی حکومت سے ناراضگی کا اظہار کردیا ہے،پارٹی کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے پاکستان انتخابی اصلاحات پر اعتماد میں نہیں لیا، اتنا ہی نہیں وفاق کی جانب سے سیاسی صورت حال سمیت دیگر امور پر وفاق نے اعتماد میں لینے کی ضرورت نہیں سمجھی۔ ایم کیو ایم پاکستان رابطہ کمیٹی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کرلیا، اجلاس میں شرکت کیلئے تمام اراکین اسمبلی اور سینیٹرز کو فوری طور پر کراچی پہنچنے کی ہدایت کردی،ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ حکومت کی حالیہ پالیسیوں پر کارکنان کو اعتماد میں لیا جائے گا، جس کیلئے جنرل ورکرز اجلاس طلب اور عوام میں جانے کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں سیاسی صورت حال سمیت دیگر امور پر مشاورت ہوگی، جس کے بعد مستقبل کے فیصلوں کا اعلان متوقع ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ایم کیو ایم کے شکوے کو جائز قرار دیتے ہوئے انتخابی اصلاحات پر اعتماد میں لینے کی یقین دہانی کرادی، دوسری جانب ایم کیوایم کو اعتماد میں نہ لینے پر گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے حمایت کا اعلان کردیا،وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی مین الحق نے واضح کیا کہ ہم اتحادی ہیں،انتخابی اصلاحات سمیت دیگر میں امور میں اتحادیوں کو اعتماد میں لینا حکومت کا فرض اور ذمہ داری ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے کچھ عرصہ قبل بھی تحریک انصاف سے اختلافات سامنے آئے تھے ۔
ٹک ٹاکر عائشہ اور ریمبو کیس،ایک اور آڈیو ٹیپ منظر عام مینار پاکستان میں ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کے ساتھ دست درازی کیس کا معاملہ روز نیا رخ اختیار کررہا ہے، ٹک ٹاکر عائشہ اور ساتھی ٹاک ٹاکر ریمبو مزید مشکلات میں پھنستے جارہے ہیں،دونوں کی گفتگو کی ایک اور آڈیو ٹیپ سامنے آئی ہے، جس میں دونوں ایف آئی اے کو غلط بیان دینے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ موبائل اور رقم سے متعلق غلط بیان دینے کی منصوبہ بندی پر مبنی آڈیو ٹیپ میں عائشہ کہتی ہے کہ ایف آئی اے میں موبائل کا نہیں لکھا ہوا، اور پیسے بھی تھوڑے لکھے گئے ہیں، جس پرریمبو کا جواب آتا ہے کہ میں انھیں یہ کہوں گا کہ موبائل ڈیڑھ لاکھ کا لیا، اس پر ایپل آئی ڈی بنانا تھی۔ عائشہ نے کہا کہ کہنا یہ ڈیڑھ پونے دو لاکھ کا موبائل تھا،تم کہنا میڈم نے لیا ان کو پتا ہوگا،ان کا فون تھا وہ شوٹ کرتی تھیں۔ ٹک ٹاکر عائشہ اکرم نے دھمکیاں ملنے پر لاہور کے تھانہ شاہدرہ میں ایک اور درخواست بھی جمع کرادی ہے، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ 8 افراد کی گرفتاری کے بعد لوکل اور انٹرنیشنل فون نمبرز سے انھیں دھمکی آمیز فون آرہے ہیں،راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے ٹک ٹاکر علی شاہ اور اس کے ساتھی عرصہ دراز سے بلیک میل کر رہے ہیں،قوی امکان ہے کہ وہی کالز پر دھمکیاں دے رہے ہیں،ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے۔ اس سے قبل ریمبو اور عائشہ کی لیک ہونے والی آڈیو ٹیپ میں دونوں جیل میں شناخت ہونے والے ملزمان سے رقم بٹورنے کی گفتگو کررہے تھے،ریمبو نے عائشہ سے سوال کیا کہ مجرم 6 ہیں یا 7؟ عائشہ نے جواب دیا 6 ہیں، ریمبو نے پوچھا فی مجرم کتنے پیسے لیے جائیں، زیادہ تر غریب ہیں تو عائشہ نے کہا مشکل سے انھوں نے پانچ پانچ لاکھ دینے ہیں۔ گزشتہ روز لاہور پولیس نے ملزم ریمبو کے مزید تین ساتھی گرفتار کرلئے تھے،گرفتار کیے جانے والے ملزمان کی تعداد 11 ہوگئی، گریٹر اقبال پارک واقعے کی متاثرہ خاتون عائشہ اکرم نے کہا تھا کہ واقعہ اس کے ہی ساتھی ریمبو کی وجہ سے پیش آیا،جبکہ ریمبو نے عائشہ کو ذمہ دار ٹھرایا تھا۔
سپریم کورٹ میں کوئٹہ کراچی روڈ حالت زار کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت عظمیٰ نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کو ملک کی شاہراہوں سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے چئیرمین این ایچ اے کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ چیف جسٹس نے دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ ہر سال ہائی ویز کی تزئین وآرائش پر اربوں روپے کے اخراجات دکھائے جاتے ہیں، این ایچ اے سے کراچی حیدر آباد روڈ نہیں بن رہا، این ایچ اے کوئی معیاری کام نہیں کر رہا، پُل اس وقت تک نہیں بنایا جاتا جب تک 10 لوگ مر نہ جائیں۔ جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے سوال اٹھایا کہ این ایچ اے کے اخراجات اور آمدن کتنی ہے؟ انہوں نے ریمارکس میں کہا کہ سڑکوں پر تلاشی کے نام پر عوام کی تضحیک کی جاتی ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ بتایا جائے کوئٹہ کراچی روڈ پر مسافروں کے تحفظ کےلیے پولیس تعینات کیوں نہیں کی گئی؟ شاہراہوں کی حالت زار سے لوگوں کی زندگیوں کو خطرات ہیں، کوئٹہ کراچی روڈ کی حالت زار کو 100 فیصد تک درست کیا جائے۔ چیف جسٹس نے کہا ہائی ویز پر ریفلکٹرز، مارکنگ لائن کا کام غیر معیاری ہے۔ روڈ پر مارکنگ ایک بارش برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتی، چترال گلگت روڈ کی تعمیر کاغذوں میں مکمل ظاہر کی گئی، حقیقت اس کے برعکس ہے۔ چیف جسٹس گلزار احمدنے سوال کیا کہ کوئٹہ کراچی روڈ کو موٹروے کی طرز پر کیوں نہیں بنایا جا رہا؟ لاہور اسلام آباد موٹروے کو چھوڑ کر باقی تمام ہائی ویز کو لاوارث چھوڑ دیا گیا ہے، چترال گلگت روڈ پر صرف پتھر ہی پتھر ہیں، چترال گلگت روڈ پر گاڑی چل ہی نہیں سکتی۔ چئیرمین این ایچ اے نے بتایا کہ چترال گلگت روڈ پر پہلے صوبائی حکومت کام کر رہی تھی، ایک سال پہلے چترال گلگت روڈ این ایچ اے کو دی گئی ہے۔ جس کے بعد عدالت نے سماعت دسمبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دی۔
وزیراعظم عمران خان لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو افغانستان کی صورتحال کی وجہ سے مزید کچھ عرصہ ڈی جی آئی ایس آئی برقرار رکھنا چاہتے تھے۔ اینکر ندیم ملک کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے عامر ڈوگر نے کہا کہ وزیراعظم نے آج کابینہ میں کہا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم انتہائی پیشہ ور اور محنتی سپاہی ہیں، ان کی زات پر کوئی اعتراض نہیں۔ جو بھی معاملہ ہے وہ پروسیجرل ہے۔ اب وزیراعظم کو 3 سے 5 ناموں کی سمری بھیجی جائے گی اور وہ ان میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں گے۔ عامر ڈوگر نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو عہدے پر برقرار رکھنے کے وزیراعظم کے فیصلے کے پیچھے افغانستان کی موجودہ صورتحال ہے۔ عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان چاہتے ہیں کہ موجودہ ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید مزید کچھ ماہ اپنے عہدے پر رہیں، نئے ڈی جی کیلئے وزارت دفاع کی جانب سے 3 سے 5 نام آئیں گے جن میں سے ایک نام کی منظوری وزیراعظم عمران خان دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت تمام اداروں کو ساتھ لے کرچلنا چاہتی ہے ، وزیراعظم عمران خان نے کابینہ اجلاس میں بتایا کہ آرمی چیف سے مثالی تعلقات ہیں، وزیراعظم کی باڈی لینگوئج مثبت اور پراعتماد تھی۔ معاون خصوصی عامر ڈوگر نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم اچھے اور پیشہ ور سپاہی ہیں، میری کوئی انا نہیں ہے میں ملک کا چیف ایگزیکٹیو اور عوام کا منتخب نمائندہ ہوں۔ یادرہے کہ کچھ روز قبل ہی پاکستان آرمی میں اہم تقرریاں و تبادلے کیے گئے تھے جس میں لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور تعینات کرنے اور ان کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم ا نجم کو نئے ڈی جی آئی ایس آئی مقرر کرنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔
بی بی سی کے سابق صحافی و کالم نگار شفیع نقی جامعی کو اسد عمر اور اہلیہ کی اپنے بیٹے کی شادی کی تقریب میں ڈانس کی ویڈیو شیئر کرنا مہنگا پڑگیا ہے، سوشل میڈیا صارفین نے صحافی کو نجی زندگی کے لمحات کو سیاست میں گھسیٹنے پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق صحافی شفیع نقی جامعی نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اسد عمر اپنی اہلیہ کے ساتھ اپنے ہی بیٹے کی شادی کی تقریب میں ڈانس کرتے دکھائی دے رہے ہیں، صحافی نے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں لکھا کہ "مرحوم جنرل عمر کے صاحبزادے، اسد عمر"۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس ٹویٹ کو شہرت اس ویڈیو یا شفیع نقی کی لکھی لائن کی وجہ سے نہیں ملی بلکہ اس پر آنے والے عوام ردعمل نے اس ٹویٹ کو ہائی لائٹ کردیا ، صارفین نے کسی کی نجی زندگی اور نجی محفل کی ویڈیو کو منظر عام پر لانے اور اس پر طنز کرنے کی اس حرکت کو ناپسند کیا اور اس کا اظہار اس ٹویٹ کے کمنٹ سیکشن میں بھی کیا۔ صارفین کا کہنا ہے کہ مخالفین پر گندگی اچھالنے کیلئے جب کچھ نہیں ملتا تو ان کی نجی زندگی کی ویڈیوز ریلیز کردی جاتی ہیں یہ حرکت صحافتی اقدار کے منافی ہے۔ انسانی حقوق کی رہنما ماروی سرمد نے بھی شفیع نقی کی اس ٹویٹ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس ویڈیو میں ایسا کچھ نہیں ہے جس سے کچھ ثابت ہوسکے، میں اسد عمر پر تنقید کرنےو الے لوگوں میں شامل ہوں مگر اس ویڈیو کا ان کی سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے، ایک پرائیویٹ فیملی فنکشن کو سیاست میں مت گھسیٹیں اور اس ٹویٹ کو ڈیلیٹ کردیں۔ ارم عظیم فاروقی نے کہا کہ ویڈیو میں ان کے ساتھ ان کی اہلیہ ہے اور انہیں اپنے نجی تقریبات انجوائے کرنے کا پورا حق ہے۔ ایک اور صارف نے کہا کہ وہ اپنی بیوی کے ساتھ ڈانس کریں یا ان کے ساتھ ہنی مون منانے جائیں اس کا جنرل عمر سے کیا تعلق، کیاآپ نے اپنی اہلیہ اور بچوں کے ساتھ کبھی خوشیاں نہیں منائیں؟ سحر شنواری نے کہا کہ اس ویڈیو کو شیئر کرنے پر اسد عمر آپ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرسکتے ہیں کیونکہ آپ ان کی پرائیویسی کو وائلیٹ کررہے ہیں جوکہ ایک جرم ہے۔ انعم شیخ نے اسد عمر کی اس ویڈیو کو ان کے بھائی اور ن لیگی رہنما محمد زبیر کی نازیبا ویڈیوز کے معاملے سے جوڑتے ہوئے جوابا طنز کیا اور کہا کہ اسد عمرایک فیملی فنکشن میں ڈانس کررہے ہیں گورنر ہاؤس میں نہیں۔
کوٹہ سسٹم کے اہل وہ ہی ہونگے جن کے والد کا انتقال2005 کے بعد ہوا، سپریم کورٹ سپریم کورٹ کا کوٹہ سسٹم پر سرکاری ملازمت کے حوالے سے اہم فیصلہ سامنے آگیا، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ باپ کی جگہ بیٹے کو نوکری دینے کا قانون ہی عجیب و غریب ہے، سرکاری دفاتر وراثت میں ملنے والی چیز تو نہیں، اس طرح نوکریاں دینے سے میرٹ کا مکمل خاتمہ ہوتا ہے۔ چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے فاضل بینچ نے دوران سروس انتقال کرنے والے ملازمین کے بچوں کو نوکری دینے سے متعلق درخواست پر سماعت کی،سپریم کورٹ نے والد کی جگہ بیٹے کو سرکاری ملازمت دینے کے متعلق پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اہل وہی بچے ہوں گے جن کے والد کا انتقال 2005 کے بعد ہوا ہو۔ دوران سماعت درخواست گزار سراج محمد نے بتایا کہ انہوں نے اپنے والد کی جگہ بھرتی ہونے کی درخواست دی جو وفاقی وزارت تعلیم نے مسترد کردی، جبکہ پشاور ہائیکورٹ نے مجھے بھرتی کرنے کا حکم دیا ہے،سراج محمد کے والد لعل محمد 2000 میں دوران سروس انتقال کر گئے تھے،جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ وزیراعظم پیکج کا اطلاق 2005 سے ہوتا ہے۔ 2005 سے پہلے انتقال کرنے والے سرکاری ملازمین کے بچوں پر وزیراعظم پیکج لاگو نہیں ہوتا۔ جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے ریمارکس دیئے کہ ابتدائی طور پر یہ قانون پولیس اور دیگر شہداء کیلئے تھا،درخواست گزار سراج محمد نے مزید کہا کہ جان کی قربانی تو سب کی برابر ہوتی ہے 2005 سے پہلے کی ہو یا بعد کی،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بھی عدالت کو بتایا کہ وزیراعظم پیکج کا اطلاق 2005 سے ہوتا ہے،عدالت نے کہا کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ باپ کا انتقال ہو تو بیٹا بھرتی ہو جائے،کم آمدن والے ملازمین کیلئے قانون بنا تھا لیکن بھرتی افسران کے بچے ہوتے ہیں،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے اے ایس آئی کا بیٹا کہتا ہے ڈائریکٹ ڈی ایس پی بھرتی کرو،ایسا نہیں ہو سکتا کہ باپ کا انتقال ہو تو بیٹا بھرتی ہو جائے۔
ملک میں کورونا کے وار کم، مزید 18 اموات، 689 متاثر ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح میں مزید کمی سامنے آگئی، این سی او سی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کیسز کی شرح ایک اعشاریہ چھ دو فیصد ریکارڈ کی گئی، جبکہ کورونا سے اٹھارہ اموات ہوئیں، مجموعی اموات کی تعداد 28 ہزار 152 تک پہنچ گئی چھ سو نواسی کیسز رپورٹ ہوئے،جموعی کیسز کی تعداد 12 لاکھ 59 ہزار 648 ہوگئی،لیکن عوام ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے احتیاط کا دامن نہ چھوڑیں کیونکہ کورونا ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ کورونا کے حملے کمزور ہوئے تو ملک بھر میں ڈینگی کا خطرہ منڈلا رہاہے،پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے کیسز میں اضافے کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، پنجاب میں ڈینگی کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر ایکسپو سنٹر لاہور کو ڈینگی فیلڈ اسپتال میں تبدیل کر دیا گیا ہے، تین سوچالیس بیڈز کے ایکسپو سینٹر میں ڈینگی اسپتال فعال، میڈیکل ٹیسٹ اور علاج معالجہ فری ہے۔ ڈینگی سنٹر میں جناح اسپتال اور میو اسپتال کا عملہ کام کررہا ہے،رواں سال صوبائی دارالحکومت میں ڈینگی کے 3,145 کیسز رپورٹ ہوئے اور اسپتالوں میں بیڈز کی کمی کے باعث ایکسپو فیلڈ اسپتال میں خواتین مریضوں کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔
آڈیٹر جنرل پاکستان نے سول ایوی ایشن کی مال سال 20-2019 کی آڈٹ رپورٹ جاری کردی، جس میں مجموعی طور پر 53 آڈٹ پیراز شامل کئے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مالی بے قاعدگیوں، غیرقانونی فلائٹس کے اجازت ناموں اور ملکیتی اراضی پر قبضے سے ادارے کو 300 ارب روپے کا نقصان ہوا، سی اے اے کو متعدد یاد دہانیوں کے باوجود ڈپارٹمنٹل آڈٹ کمیٹی کا اجلاس طلب نہیں کیا گیا۔ آڈیٹرجنرل آفس کے مطابق 65 ارب 11 کروڑ 40 لاکھ روپے کے مالی معاملات کے آڈٹ پیراز بھی شامل ہیں۔ آڈٹ اعتراضات میں 75 ارب 43 کروڑ غیر قانونی فلائٹس کی اجازت اور ان کے بقایاجات کی عدم وصولی کا ذکر کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ادارے کی ملکیتی اراضی پر قبضوں سے 144 ارب 88 کروڑ روپے کا نقصان ہوا، اس کے علاوہ فضائی کمپنیوں اور دیگر اداروں سے واجبات کی وصولی میں تاخیر یا عدم وصولی سے 14ارب 58 کروڑ کا نقصان الگ سے ادارے کو پہنچا ہے۔
امریکہ کے تیسرے صدر تھامس جیفرسن کے پاس رہنے والا قرآن مجید کا تاریخی نسخہ دبئی ایکسپو 2020 میں امریکی پویلین میں عام لوگوں کے دیکھنے کے لیے رکھا گیا ہے۔ سابق امریکی صدر نے قانون کی تعلیم حاصل کرنے کے دوران قرآنی نسخہ حاصل کیا تھا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ اس تاریخی نسخے کو واشنگٹن میں امریکی کانگریس کی لائبریری سے کسی عالمی نمائش میں بھیجا گیا ہے۔ قرآن کے تاریخی نسخے کو ایک خصوصی طور پر تیار کیے گئے لکڑی کے باکس میں واشنگٹن میں کانگریس کی لائبریری سے بھیجا گیا ہے۔ دو جلدوں پر مشتمل اس تاریخی ایڈیشن کا انگریزی ترجمہ1734 میں جارج سیل نے کیا تھا۔ تاریخی قرآنی نسخے کو واشنگٹن سے دبئی میں جاری عالمی ایکسپو 2020 تک پہنچانے کے لیے خصوصی سکیورٹی اسٹاف متعین کیا گیا۔ امریکہ کے صدر تھامس جیفرسن دو بار امریکی صدر منتخب ہوئے وہ 1801 سے 1809 تک برسر اقتدار رہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ ان کے پاس رہنے والا یہ قرآن کا یہ نسخہ انہوں نے تب حاصل کیا جب وہ قانون کی تعلیم حاصل کر رہے تھے۔ دبئی ایکسپو میں امریکی پویلین نے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے بتایا ہے کہ یہ نسخہ امریکہ کے پویلین میں رکھا گیا ہے جس کے تھیم کا عنوان ہے "زندگی، آزادی اور مستقبل کے لیے"۔
حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں کی فیس پر 5 فیصد ایڈوانس ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے بعد ہر تعلیمی ادارہ ٹیکس کی کٹوتی کرنے کا پابند ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق سالانہ 2 لاکھ روپے سے زائد فیس پر ایڈوانس ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ یہ کٹوتی نان ایکٹو ٹیکس پیئرز سے کی جائے گی۔ دستاویز کے مطابق فیس کا 5 فیصد تعلیمی اداروں کا اسٹاف بطور ایڈوانس ٹیکس طلب کرے گا۔ فیس میں ٹیوشن فیس اور ادارے کے دیگر چارجز شامل ہوں گے۔ وظیفہ پر پڑھنے والوں کی فیس سے کٹوتی نہیں ہو گی۔ جب کہ نان ریذیڈنٹ سے ٹیکس وصول نہیں کیا جائے گا۔ نان ریذیڈنٹ افراد کی تصدیق پاسپورٹ کی مدد سے کی جائے گی۔
وزیراعظم عمران خان نے چلتی ٹرین سے گرنے والے مسافر کی جان بچانے والے پولیس اہلکار جمیل کلہوڑو کو اعلیٰ سول ایوارڈ سے نوازنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سندھ پولیس کے کانسٹیبل جمال کلہوڑو کو بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے گرنے والے شخص کی جان بچانے کے لئے تمغہ شجاعت دینے کی سفارش کی ہے، وزیر اعظم نے صدر عارف علوی سے سفارش کی جبکہ تمغہ شجاعت سال 2023 کے یوم پاکستان کے موقع پر دیا جائے گا۔ وزیر اعظم عمران خان نے کانسٹیبل کے بہادر اور شجاعت کی تعریف کرتے ہوئے واقعہ کی ویڈیو بھی اپنے ٹوئٹر پر شیئر کی تھی۔ اس سے قبل آنسپکٹر جنرل سندھ کی جانب سے بھی کانسٹیبل جمال کلہوڑو کو سول ایوارڈ دینے کی سفارش کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ 17 اگست کو خیرپور ریلوے اسٹیشن پر کانسٹیبل جمال کلہوڑو نے چلتی ٹرین سے گرنے والے مسافر کی جان بچائی تھی۔
کراچی تا حیدرآباد موٹر وے ایم 9 پر گاڑیوں کے ڈرائیورز سے ٹول ٹیکس کی وصولی آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے تحت وصول کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق دیکھنے میں آ رہا ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس سسٹم سے نہ صرف وقت کی بچت ہو رہی ہے بلکہ شہریوں کو گاڑیوں کی طویل قطاروں میں انتظار بھی نہیں کرنا پڑ رہا۔ موٹر وے ایم 9 انتظامی حکام کے مطابق حیدرآباد، کراچی اور دیگر انٹرچینجز کے ٹول پلازہ پر جدید نظام نصب کردیا گیا ہے جس نے آزمائشی بنیادوں پر کام شروع کردیا ہے۔ اس سسٹم کے تحت کوئی بھی گاڑی جب ٹول پلازہ کے گیٹ میں داخل ہوتی ہے تو اسے روکا نہیں جاتا بلکہ جدید ترین آرٹیفیشل انٹیلیجنس کیمروں سے گاڑی، نمبر پلیٹ اور سوار افراد کی تصویر بن جاتی ہے۔ گاڑی موٹر وے ایم 9 سے باہر نکلنے کیلئے جونہی کسی ٹول ٹیکس گیٹ پر پہنچتی ہے تو آٹومیٹک کیمرہ اس کی داخلی گیٹ سے لی گئی تصویر سے موازنہ کرتا ہے اور گاڑی کے طے کیے گئے فاصلے کا تعین کرکے کاؤنٹر کلرک کو ٹول ٹیکس کی رقم سے آگاہ کرتا ہے۔ اس طرح رقم کی ادائیگی ہوتے پر ٹول ٹیکس کا ایگزٹ گیٹ کھل جاتا ہے۔ واضح رہے ملک بھر کے دیگر موٹرویز پر یہی کام کرنے کیلئے ورکرز موجود ہیں جہاں اکثر گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھنے کو ملتی ہیں، وہاں یہ کام کمپیوٹرائزڈ پرچیوں کی مدد سے لیا جاتا ہے۔
بھارتی سرکاری بینک اسٹیٹ بینک کا سالوں سے قرض دار بھارت کا سرکاری بینک پاکستان کے سرکاری بینک کا مقروض ہے، مرکزی بینک آف انڈیا کے اسٹیٹ بینک پاکستان کا مقروض ہونیکا انکشاف سامنے آگیا، بھارتی بینک اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا 45 کروڑ 60 لاکھ کا قرض دار ہے۔ ممبر قومی اسمبلی رانا تنویر حسین کی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا،جس میں قیام پاکستان کے وقت پاکستان چھوڑ کر جانے والے ہندوؤں اور سکھوں کی پراپرٹی کی مالیت کا جائزہ لیا گیا۔ آڈٹ حکام کے مطابق 1947 سے مرکزی بینک آف انڈیا نے پاکستان کو یہ رقم ادا نہیں کی،ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے کہاکہ 1947 سے اس رقم کا تنازع چل رہا ہے جو حل نہیں ہوا،بھارت کی باتیں بڑی بڑی اور لیکن سالوں سے پاکستان کا قرض دار ہے، اور بھارت کی جانب سے رقم کی ادائیگی کا فی الحال کو ارادہ بھی نظر نہیں آتا۔ کورونا وائرس کی وجہ سے بھارت کو گزشتہ سال بدترین معاشی بحران کا سامنا کرنا پڑا،مہنگائی وبیروزگاری کے طوفان کا خدشہ بھی رہا،مالی سال2019-20میں 4فیصد تک رہنےوالی بھارتی شرح نمو مالی سال 2020-2021کے دوران منفی7اعشاریہ 3 فیصد رہی،مالی خسارہ جی ڈی پی کے 9.3فیصد تک پہنچ گیا تھا،زراعت کے شعبے میں بھی تنزلی دیکھی گئی تھی، جس کی بنیادی وجہ مودی سرکاری کی کسان مخالف پالیسی تھی۔ آزادی کے بعد پہلی مرتبہ بھارتی معیشت کساد بازاری میں داخل ہوگئی تھی،بھارت کی معیشت جولائی اور ستمبر کے دوران 7.5 فیصد سکڑنے سے بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی بڑی ترقی یافتہ اور ابھرتی ہوئی معیشتوں میں شامل ہوگئی تھی۔ آٓکسفورڈ اکنامکس کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ وبائی مرض سے لگنے والی پابندیوں میں نرمی کے بعد بھارت کی معیشت بدترین متاثرہ ہوگی اور 2025 تک سالانہ پیداوار وائرس سے پہلے کی سطح سے 12 فیصد کم ہوگی۔
پنڈورا پیپرز کے پنڈورا باکس میں شامل پاکستانیوں کیخلاف تحقیقات پنڈورا پیپرز نے ایک بار پھر ملکی سیاست میں ہلچل مچائی ہوئی ہے، پنڈورا پیپرز میں شامل سات سو پاکستانیوں کی آف شور کمپنیاں نکلیں،اب ان پاکستانیوں کیخلاف اعلی وفاقی تحقیقاتی ادارے نے باضابطہ تحقیقات کا آغاز کردیا ہے،وزیراعظم عمران خان نے تحقیقات کا اعلان کیا تھا۔ تحقیقات کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے،موجودہ یا سابق پبلک آفس ہولڈرز اور دیگر کاروباری شخصیات کے خلاف الگ الگ تحقیقات ہوں گی،پہلے مرحلے میں پینڈو پیپرز میں شامل تمام پاکستانیوں کے ملک میں کاروبار، بینک اکاؤنٹس اور جائیدادوں کی تفصیلات جمع کی جائیں گی،روزانہ کے اخراجات، بچوں کی تعلیم اور شادیوں سمیت دیگر ڈیٹا جمع ہوگا۔ دوسرے مرحلے میں آف شور کمپنیوں میں سرمایہ کاری کرنے والے پاکستانیوں کے بیرون ممالک دوروں،علاج معالجہ، شاپنگ اور فضائی سفر کے دوران کیے گے دیگر اخراجات کی تفصیلات بھی جمع کی جارہی ہیں، ان کے سرکاری و نجی بینکوں کے اکاؤنٹس، موبائل نمبرز کا ڈیٹا، ان کے ٹریول ایجنٹس اور پرائیوٹ ہوٹلز کی بکنگ کی تفصیلات بھی شامل ہونگی۔ تحقیقات میں ملک بھر کے ریونیو ڈیپارٹمنٹ اور نادرا سے بھی مدد لی جائے گی،جس کے بعد تحقیقاتی رپورٹس ایف آئی اے، نیب اور ایف بی آر کو فراہم کی جائیں گی، جس کے بعد پنڈورا پیپرز میں شامل پاکستانیوں کی ملکی قوانین کے مطابق قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
فیصل آبا دمیں نجی بینک کے برانچ مینجر نے ساتھی خاتون کو مبینہ طور پر بلیک میل کرنے کے الزام عائد کرکے قتل کردیا ، ملزم گرفتار۔خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق واقعہ فیصل آباد کے علاقے سدھار میں پیش آیا جہاں کے ایک بینک کے برانچ مینجر منصور نے بینک میں کام کرنے والی 25 سالہ ساتھی خاتون عالیہ جاوید کو تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کرکے قتل کردیا ہے۔ بینک میں موجود دیگر عملے نے پولیس کو بتایا کہ منصور اور عالیہ کے درمیان کسی بات پر اچانک بحث شروع ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے تلخ کلامی میں بدل گئی اسی دوران منصور نے اچانک پستول نکال کر عالیہ پر فائر کردیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کے فوری بعد ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ، دوران تفتیش منصور نے پولیس کو بیان دیا اور کہا کہ عالیہ جاوید سے میری دوستی تھی اور عالیہ مجھے بلیک میل کررہی تھی۔ملزم نے پولیس کو بیان دیا کہ عالیہ کے پاس میری کچھ ویڈیوز تھی جس کی بنیاد پر وہ مجھے بلیک میل کرتی اور ویڈیوز میری بیوی کو بھیجنے کی دھمکیاں دیتی تھی، میں نے متعدد بار اسے بلیک میل نہ کرنے کی وارننگ دی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے مقتولہ کی لاش کوپوسٹ مارٹم اور ضڑوری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا جائے گا، مقتولہ تین بچوں کی ماں تھی۔
ملک بھر میں گاڑیوں کے ڈیلروں نے "اون منی" کی شرح میں ہوشربا اضافہ کر دیا ہے کیونکہ گاڑیوں کی بروقت ترسیل ایک عالمی بحران کی سی صورتحال اختیار کرتا جا رہا ہے۔ پاکستان میں بعض گاڑیوں کی مانگ اس قدر زیادہ ہے کہ ان کیلئے ایک سال تک کا انتظار بھی کرنا پڑتا ہے۔ جس کا فائدہ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں گاڑیاں فروخت کرنے والی کمپنیوں کو سپلائی چین کے متعدد مسائل کا سامنا ہے جس کے باعث نئی گاڑی بک کروانے کے بعد صارف کو گاڑی کی فراہمی کیلئے کافی لمبا عرصہ انتظار کرنا پڑتا ہے۔کچھ شہری جو فوری طور پر گاڑی حاصل کرنے کے خواہشمند ہوتے ہیں وہ کار ڈیلرز کے ہاتھوں مجبور ہوتے ہوئے گاڑی کی اصل قیمت کے علاوہ لاکھوں روپے "اون” کی مد میں ادا کرتے ہیں۔ کار ڈیلرز اون کی مد میں غیر قانونی طور پر منافع کمانے کیلئے بھی صارفین کو گاڑی کی فراہمی میں تعطل پیدا کرتے ہیں تاکہ صارف تنگ آکر اون دے کر گاڑی حاصل کرنے کیلئے حامی بھر لے۔ آٹو مارکیٹ میں اون منی ایک معمول کی بات ہے اور اس کے باقاعدہ طور پر ہر گاڑی کے حساب سے الگ الگ ریٹس ہیں۔ایک طرف تو حکومت گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو قابو کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے جبکہ دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ ملک میں اسمبل ہونے والی گاڑیوں پر فی یونٹ 4 لاکھ روپے تک اون منی کی مد میں ہڑپ کیے جا رہے ہیں۔ سرمایہ کاروں اور آٹو سیکٹر کے ڈیلرز نے اس غیر قانونی دھندے میں اپنا پیسہ انویسٹ کرکے صارفین پر اضافی بوجھ ڈال رکھا ہے، مختلف کار ڈیلرز گاڑیاں بک کرواکے رکھتے ہیں اور جیسے ہی کوئی صارف اون منی دینے پر رضامندی کااظہار کرتا ہے اپنی پہلے سے بک کروائی گئی گاڑی اس شخص کے حوالے کرکے اس کی جیب سے لاکھوں روپے اینٹھ لیے جاتے ہیں۔ کار ڈیلر فیڈریشن کے صدر شہزادہ سلیم نے بتایا کہ اون منی کا تعلق گاڑیوں کے انجن کی کیپسٹی پر منحصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ 650سی سی سے ایک ہزار سی سی تک کی گاڑیوں پر اون منی پہلے کی نسبت بڑھ گئی ہے اور اب یہ ایک لاکھ کی بجائے 2لاکھ 50ہزار تک وصول کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت سوزوکی کلٹس پر اون منی 75 ہزار سے بڑھ کر 2 لاکھ 50 ہزار روپے تک وصول کی جا رہی ہے۔ ہونڈا سوک کے خواہش مند 3 لاکھ روپے تک اون منی ادا کر رہے ہیں جبکہ کرولا آلٹس پر مارکیٹ میں 4 لاکھ روپے اون منی کے نام پر اینٹھے جا رہے ہیں۔ یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل گاڑیوں کے ایک ڈیلر نے میڈیا کو بتایا تھا کہ آٹو مارکیٹ میں نئی آنے والی ایس یو ویز گاڑیوں پر اس سے بھی زیادہ اون منی وصول کی جار رہی ہے۔ اس کا کہنا تھا کہ کیا سپورٹیج، ہونڈائی ٹسکان، ڈی ایف ایس کے گلوری 580 اور ایم جی کی گاڑیوں پر 7 لاکھ روپے تک اون منی وصول کی جاتی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی جانب سے شروع کی جانے والی شجر کاری مہم کی دنیا معترف ہے، عالمی رہنماؤں کی جانب سے بھی عمران خان ٹین بلین ٹری سونامی منصوبے کو سراہا جارہاہے،برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے بعد امریکی صدرکے خصوصی ایلچی جان کیری نے بھی منصوبے کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے۔ جان کیری نے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم سے ٹیلی فونک رابطہ کیا،بلوچستان میں زلزلےسےجانی ومالی نقصان پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم کی10بلین ٹری سونامی منصوبے کو سراہا،ملک امین اسلم سےآدھاگھنٹہ تک ٹیلی فونک گفتگو میں 10ارب درخت،موسمیاتی تبدیلی میں پاک امریکااشتراک کو آگے بڑھانے پراتفاق کیاگیا،موسمیاتی تبدیلی کے معاملے میں پاک امریکا10سالہ پلان ترتیب دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا،پاک امریکا جوائنٹ ورکنگ گروپ کی کارکردگی پربھی گفتگو ہوئی۔ جان کیری نے کہا کہ امریکا کلین انرجی اور نیچر بیسڈسلوشن میں پاکستان سے اشتراک کا خواہشمند ہے،جوائنٹ ورکنگ گروپ کوقائم 3ماہ ہوگئے،نتیجہ خیزاقدامات اٹھائیں گے،ملک امین نے جوبائیڈن کی جانب سےموسمیاتی تبدیلی کافنڈز دگنا کرنے کے اقدام کو خوش آئند قرار دیا، انہوں نے کہا موسمیاتی تبدیلی میں حقیقی تبدیلی لانے کیلئے انتہائی سنجیدہ ہیں۔ اس سے قبل برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا تھا کہ ماحول کی بہتری کیلئے عمران خان کے بلین ٹری منصوبے کی پیروی کرنی چاہیے۔ نیویارک میں برطانوی وزیراعظم نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ دنیا پاکستان کے ٹین بلین ٹری منصوبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، تمام ملکوں کو پاکستان کے شاندار منصوبے کی پیروی کرنی چاہیے،بورس جانسن نے عمران خان سے متاثر ہو کر برطانیہ میں درخت لگانے کا منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
پنجاب پولیس نے شہید اہلکار کی بیٹی کا اسکول کا پہلا دن یادگار بنادیا لاہورمیں شہید کانسٹیبل عمران کی ننھی پری کو وی آئی پی پروٹوکول کے ساتھ پہلے روز اسکول بھیجا گیا،بچی نے والد کے ساتھ جانے کی ضد کی تو ایس پی کینٹ پروٹوکول کے ساتھ اسکول چھوڑ کر آئے۔ چارسالہ ننھی عروہ کو ایس پی کینٹ عیسی سکھیرا نے گلدستہ اور اسکول بیگ پیش کیا،اسکول میں بھی بچوں نے نئی کلاس فیلو کا استقبال کیا،عیسیٰ سکھیرا کے مطابق کانسٹیبل عمران احتجاجی مظاہروں میں شہید ہو گئے تھے۔ ایس پی کینٹ عیسیٰ سکھیرا کا کہنا تھا کہ تمام شہدا کے بچے ہمارے اپنے بچوں کی طرح ہیں، شہیدوں کے خاندانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے،ڈی آئی جی آپریشنز سہیل چوہدری کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس ہر خوشی اورغم میں شہداکی فیملیز کے ساتھ کھڑی ہے۔
پنجاب پولیس کی چوری شدہ موبائلز کی کھوج کیلئے ایپ لانچ خبردار،چوری شدہ موبائل کی خریداری آپ کو مالی و قانونی مسائل سے دوچار کر سکتی ہے،پنجاب پولیس نے خبردار کردیا،ساتھ ہی چوری شدہ موبائل کی فروخت اور کھوج کیلئےایپ لانچ کردی،پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے ای گیجٹ مانیٹرنگ سسٹم ایپلی کیشن تیار کی گئی ہے۔ محکمہ پنجاب پولیس نے چوری شدہ اسمارٹ فونز کی فروخت کو روکنے کے لیے اسمارٹ فون ایپلی کیشن ای گیجٹ مانیٹرنگ سسٹم کا باضابطہ آغاز کردیا،ایپ لانچنگ کی تقریب ڈی آئی جی انویسٹی گیشنز لاہور آفس میں ہوئی،سی سی پی او لاہور نے تقریب میں شرکت کی، دیگر اعلیٰ پولیس افسران ، افسران ، اسٹیک ہولڈرز اور میڈیا پارٹنرز بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب میں سی سی پی او لاہور نے کہا یہ ایپ اسمارٹ فونز چوری کو روکنے کے لیے ساٹھ فیصد سے زائد موثر ہے،جس سے کاروبار میں مدد ملے گی، جوروز مرہ کے کاروبار کی حفاظت میں مدد کرے گی،انہوں نے بتایا کہ لاہور کے بعد صوبے کے دوسرے شہروں میں بھی ایپ کا استعمال کیا جائے گا۔ ڈی آئی جی ڈاکٹر انعام واجد نے کہا کہ اسمارٹ فونز بزنس ایپلی کیشن پر فروخت شدہ فونز کے آئی ایم ای آئی کو محفوظ کر سکیں گے ، جو بنیادی طور پر اسمارٹ فونز کے لیے ایک بنیادی ڈیٹا بیس بنائے گا، اگر کوئی فون چوری ہو جاتا ہے تو ، پولیس خود بخود ایپلی کیشن کے ذریعے ڈیٹا بیس تک رسائی حاصل کر لے گی اور لوکیشن ٹریک کرے گی،جس سے مختصر وقت میں چوری شدہ موبائل واپس ملنا آسان ہوجائے گا،اس کے علاوہ جو صارفین اسمارٹ فون خریدنے کے لیے مارکیٹ میں ہیں وہ چیک کر سکیں گے کہ ڈیوائس چوری شدہ تو نہیں۔ ڈی آئی جی ڈاکٹر انعام واجد نے مزید بتایا کہ اگر موبائل فون چوری ہو جاتا ہے تو پولیس کو فوری طور پر ایپ کے ذریعے مطلع کیا جائے گا اور اس پر پہلی معلومات کی رپورٹ (ایف آئی آر) فوری طور پر اپ لوڈ کی جائے گی۔ یہ اپلیکیشن گوگل اسٹور کے اس لنک سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں