ایران جانے والے 3 پاکستانی نوجوان اغوا، تاوان نہ ملنے پر قتل کی دھمکی

11iranapaksakjsjkjdkjj.png

سیالکوٹ کے تینوں نوجوانوں کو اغوا کرنے کے بعد بیہمانہ تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا ہے ، ویڈیو لواحقین کو بھیج دی
ایران میں زیارات کے لیے جانے والے پاکستان سے تعلق رکھنے والے 3 نوجوانوں کو وہاں پہنچتے ہی اغوا کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے 3 پاکستانی نوجوانوں کو زیارات کے لیے ایران پہنچنے پر اغوا کر لیا گیا۔ ایران سے اغوا کیے گئے سیالکوٹ کے تینوں نوجوانوں کو اغوا کرنے کے بعد تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا ہے جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا ویب سائٹس پر وائرل ہو رہی ہے۔

ایران سے اغوا کیے جانے والے نوجوانوں کے لواحقین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہر مغوی کی رہائی کے لیے 80 لاکھ روپے بطور تاوان طلب کیے گئے ہیں۔ ایران ایئرپورٹ پر پہنچتے ہی ایجنٹ سے رابطہ کیا جس نے ٹیکسی ڈرائیور سے بات کروانے کے لیے کہا، ٹیکسی ڈرائیور جب نوجوانوں کو لے کر ایجنٹ کی بتائی ہوئی جگہ پر پہنچ گیا تو وہاں سے تینوں نوجوانوں کو اغوا کر لیا گیا۔

ایران سے اغوا ہونے والے نوجوانوں کے نام لقمان، تنویر عباس اور شیراز بتائے گئے ہیں، اغواکاروں نے لواحقین کو ان تینوں نوجوانوں پر تشدد کا نشانہ بنانے کی ویڈیو بھیج کر تاوان طلب کیا۔ سیالکوٹ سے تینوں اغوا کیے گئے نوجوان ایک ایجنٹ کے ذریعے ایران میں زیارات کے لیے ویزا لگوا کر وہاں پہنچے تھے۔

ذرائع کے مطابق اغواکاروں کے نوجوانوں پر بیہمانہ تشدد کی ویڈیو دیکھنے کے بعد ان کی والدہ پر فالج کا اٹیک ہوا جس کے بعد انہیں ہسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کر دیا گیا۔ ویڈیو میں نوجوانوں کو غیر اخلاقی، اور غیر انسانی تشدد کے باعث چیخ وپکار کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے، اغواکاروں نے تاوان کی رقم ادا نہ کرنے پر نوجوانوں کو قتل کرنے کی دھمکی دی ہے۔

اغواکاروں کی کال بھی ریکارڈ کی گئی جس میں میں اغواکار کہہ رہا ہے کہ لڑکا مافیا کے پاس ہے،، جلدی سے پیسے بھیجو ورنہ آج شام کو ان کے ناخن کاٹ دیں گے، خبر بھی چلائیں گے اور پیسے نہ ملے تو انہیں قتل کر دیں گے۔ قبل ازیں بھی ایسے بہت سے واقعات پیش آ چکے ہیں جس میں ایران میں اغوا کیے گئے افراد کو چھڑوانے کے لیے لاکھوں روپے کی ادائیگی کرنی پڑی۔