انتخابی اصلاحات: حکومت، اپوزیشن میں کمیٹی کے قیام پر اتفاق

pdm2n113.jpg


حکومت اور اپوزیشن کے درمیان انتخابی اصلاحات کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی کے قیام پر اتفاق ہوگیا ہے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کےمطابق قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے حکومتی و اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات کی ہے جس میں انتخابی اصلاحات کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں حکومت کی جانب سے شفقت محمود اور پرویز خٹک نے شرکت کی جبکہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ن لیگ کے مرتضیٰ جاوید عباسی، رانا تنویر، پیپلزپارٹی کے نوید قمر، جے یو آئی کی شاہد اختر شریک تھے۔

ملاقات کے دوران حکومت اور اپوزیشن رہنماؤں کے درمیان انتخابی اصلاحات کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا متفقہ فیصلہ کیا گیا ہے جس میں دونوں ایوانوں کے اراکین کو شامل کیا جائے گا، کمیٹی انتخابی اصلاحات کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات مرتب کرکے متعلقہ اتھارٹی کو پیش کرے گی۔

اعلامیہ کے مطابق کمیٹی کے قیام کیلئے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر پارلیمانی لیڈرز کی مشاورت سے کمیٹی تشکیل دیں گے جبکہ سینیٹ و قومی اسمبلی میں کمیٹی کے قیام کیلئے الگ الگ تحاریک پیش کی جائیں گی۔