برطانیہ کی حکمران جماعت کے رکن پارلیمنٹ قاتلانہ حملے میں ہلاک

14daisames.jpg

برطانیہ کی حکمران جماعت کے رکن پارلیمنٹ سرڈیوڈ امیس قاتلانہ حملے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سرڈیوڈ امیس پر اس وقت ایک شخص نے چاقو سے وار کیا جب وہ اپنے حلقے کے دورے کے دوران میتھو ڈسٹ چرچ میں موجود لوگوں سے ملاقات کررہے تھے۔

رپورٹ کے مطابق69 سالہ سر ڈیوڈ کنزرویٹیو جماعت کے رکن پارلیمنٹ تھے، حملے کے نتیجے میں انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔


واضح رہے کہ سرڈیوڈ امیس مشرقی برطانیہ کے علاقےساؤتھ اینڈ سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے ، انہوں نے سیاست کا آغاز بھی اسی علاقے سے کیا اور 1979 میں ہونے والے انتخابات میں بھی حصہ لیا تھا، جس کے بعد 1983 میں وہ باسلڈن کے علاقے سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے۔

یادرہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب برطانوی سیاست دانوں پر چاقو سے حملے کیے گئے ہوں اس سے قبل 2010 میں لیبر پارٹی کے رکن پارلیمنٹ کو ان کے دفتر میں چاقو کے وار سے نشانہ بنایا گیا تھا۔