سوشل میڈیا رولز 2021 کا نوٹیفکیشن کی منظوری دیدی گئی

social1121.jpg


وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نے سوشل میڈیا رولز 2021 کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترمیم شدہ رولز کے تحت پاکستانی صارفین کو آرٹیکل 19 کے تحت اظہار رائے کی مکمل آزادی ہوگی ، پاکستانی صارفین اور سوشل میڈیا اداروں کے مابین رابطوں کیلئے رولز اہم کردار ادا کریں گے۔

وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے کہا کہ سوشل میڈیا کمپنیوں کو پاکستانی قوانین اور سوشل میڈیا صارفین کے حقوق کی پاسداری کرنا ہوگی ، انتہا پسندی، دہشت گردی، نفرت انگیز، فحش اور پرتشدد مواد کی لائیو اسٹریمنگ پر پابندی ہوگی ، سوشل میڈیا ادارے پاکستان کے وقار و سلامتی کے خلاف مواد ہٹانے کے پابند ہوں گے۔


امین الحق نے کہا ہے کہ فحش مواد کی تشہیر بھی قابل گرفت جرم ہوگا ، سوشل میڈیا ادارے اور سروس پرووائیڈرز کمیونٹی گائیڈ لائنز تشکیل دیں گے، گائیڈ لائنز میں صارفین کو مواد اپ لوڈ کرنے سے متعلق آگاہی دی جائے گی۔

وفاقی وزیر امین الحق نے کہا ہے کہ کسی بھی شخص سے متعلق منفی مواد اپ لوڈ نہیں کیا جائے گا ، دوسروں کی نجی زندگی سے متعلق مواد پر بھی پابندی ہوگی ، پاکستان کے ثقافتی اور اخلاقی رجحانات کے مخالف مواد پر پابندی ہوگی۔

https://twitter.com/x/status/1448575501556142081
انہوں نے کہا کہ بچوں کی ذہنی و جسمانی نشونما اور اخلاقیات تباہ کرنے سے متعلق مواد پر پابندی ہوگی ، یو ٹیوب، فیس بک، ٹک ٹاک، ٹوئٹر اور گوگل پلس سمیت تمام سوشل میڈیا ادارے رولز کے پابند ہوں گے۔

وفاقی وزیر آئی ٹی نے یہ بھی کہا کہ نوٹیفکیشن کے اجراء کے بعد سوشل میڈیا اداروں پر جلد از جلد پاکستان میں دفاتر قائم کرنا لازم ہوگا ، سوشل میڈیا کمپنیاں پاکستان کیلئے اپنا مجاز افسر مقرر کریں گی۔