عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ چین کی رضامندی کے بغیر سی پی اتھارٹی ختم کرنا سامراجی ایجنڈا ہے۔ حکمرانوں نے نوٹ بینک کے لئے ووٹ بینک قربان کر دیا۔
شیخ رشید نے ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں کہا کہ غریب مہنگائی میں جل رہا ہے اور حکمران نیرو بانسری بجا رہا ہے۔ حکمرانوں نے نوٹ بینک بچانے کے لیے ووٹ بینک کو قربان کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی واپسی طے نہیں پا سکی۔ افغانستان میں بھی رجیم چینج شروع ہو گیا ہے جس سے پاکستان بھی متاثر ہو گا۔برطانیہ سے بے دخلی کا معاہدہ ہمارے لیے منفی جائے گا۔
شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ چین کی رضامندی کے بغیر سی پیک اتھارٹی ختم کرنا سامراجی ایجنڈا ہے۔ چین کے خلاف اسی کام کے لئے ان کو لایا گیا ہے۔ سابق وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ عمران خان 8 حلقوں میں اہل ہے اور فیصل آباد میں نااہل ہے یہ کیسا قانون ہے۔ 30 اگست سے پٹرول پر مزید 10 روپے اضافے کی بھی پیشگوئی کر دی کہا غریب پر 10 روپے فی لیٹر کی مزید چھری پھرے گی۔
وفاقی حکومت اور پنجاب میں کھلی مخالفت پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ مرکز اورصوبے کی پولیس کو آمنے سامنے کھڑا کردیا گیا ہے۔