عمران خان سے ملاقات کرنیوالا نوجوان عبدالوہاب فیصل آباد کا رہائشی ہے، عبدالوہاب کو پاکستان تحریک انصاف کے پچیس مئی کو آزادی مارچ سے قبل پنجاب پولیس نے اس کے گھر پر چھاپہ مار کر گرفتار کر لیا تھا۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے عبدالوہاب سے ملاقات کی، ٹویٹ پر ملاقات کی تصویر شیئر کرتے ہوئے عمران خان نے لکھا کہ نوجوان عبدالوہاب، جسے ہمارے آزادی مارچ سے ایک رات قبل پنجاب پولیس نے اس کی رہائش گاہ پر چھاپے کے دوران اس کے والد کے نہ ملنے پر کم عمری کے باوجود غیر قانونی طور پر گرفتار کیا، اس سے ملاقات باعثِ مسرّت تھی۔
عبدالوہاب کو 25مئی کے پی ٹی آئی کے آزادی مارچ سے قبل رات کووالد کی عدم دستیابی کے باعث گھر سے گرفتار کیا گیا تھا،جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی عمران خان نے جاری کردی ہے۔
عمران خان کی جانب سے لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کیے جانے کے بعد پی ٹی آئی رہنماوں اور کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔
اسلام آباد اور پنجاب میں پولیس نے رات گئے تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے تھے۔ پی ٹی آئی کے درجنوں کارکن گرفتار کر لئے گئے تھے۔