عمران خان نےکاغذات نامزدگی میں اپنےاور اہلیہ کےکون کونسے اثاثے ڈیکلئیر کئے؟

imran-khan-elections-ecp-bushra-bibi.jpg


عمران خان کے 30 کروڑ سے زائد اثاثے، اہلیہ کے نام 698 کنال اراضی

فیصل آباد کے این اے 108 کے ضمنی انتخاب کیلیے جمع کرائے گئے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے کاغذات نامزدگی میں ظاہر اثاثوں کی تفصیلات منظر عام پر آگئیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے مجموعی اثاثے 30 کروڑ 42 لاکھ 78 ہزار 495 روپے کے ہیں، جبکہ ان کی اہلیہ بشری بی بی کے نام پاکپتن اور اوکاڑہ میں 698 کنال اراضی اور بنی گالا میں ایک گھر موجود ہے ۔

عمران خان کی ملکیت میں دو لاکھ مالیت کی چار بکریاں بھی موجود ہیں تاہم دونوں میاں بیوی کے پاس زیورات اور گاڑی ہونے کے خانہ میں کچھ نہیں ظاہر کیا گیا،عمران خان کی کسی بھی کمپنی میں کوئی سرمایہ کاری بھی نہیں ہے۔

وراثت میں ملنے والے دو گھر، بھکر میں 228 کنال زمین ظاہر کی گئی ہے۔ اسکے علاوہ اسلام آباد میں کانسٹی ٹیوشن ایونیو پر ایک فلیٹ اور ایک کمرشل پلاٹ اور 14 لاکھ کرایہ کی مد میں آمدن ظاہر کی گئی ہے۔

قومی اسمبلی کے کراچی کے حلقہ این اے 246، پشاور کے این اے 31 اور فیصل آباد کے این اے 108 کے ضمنی الیکشن کیلئے سابق وزیراعظم عمران خان کے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے جاچکے ہیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے قومی اسمبلی کی 9 نشستوں پر خود ضمنی انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا تھا، ترجمان کے مطابق قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ 25 ستمبر کو ہوگی۔

کاغذاتِ نامزدگی 10 اگست سے 13 اگست تک جمع کروائے جا سکتے ہیں، جن کی جانچ پڑتال 17 اگست کو کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان نے مزید بتایا کہ یہ ضمنی انتخاب این اے 22 مردان 3، این اے 24 چارسدہ 2، این اے 31 پشاور 5، این اے 45 کرم 1، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب 2 میں ہو گا۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان نے یہ بھی بتایا ہے کہ ضمنی انتخاب کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 237 ملیر 2، این اے 239 کورنگی کراچی 1 اور این اے 246 کراچی جنوبی 1 میں بھی ہو گا۔