عمران خان کی فائنل کال سے پہلے ہی انتخابات کی تاریخ مل سکتی ہے،شیخ رشید

16khanfinalcalll.jpg

مجھے ایسا لگ رہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے کال دینے سے پہلے ہی شاید ان کا مقصد حل ہو جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی کے ایک سوال پر کہ "عمران خان صاحب فائنل کال کب دیں گے" کا جواب دیتے ہوئے قائد عوامی مسلم لیگ وسابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمدکا کہنا تھا کہ مجھے ایسا لگ رہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے کال دینے سے پہلے ہی شاید ان کا مقصد حل ہو جائے گا، کال کے بغیر ہی انتخابات کی تاریخ ہونے کا اعلان متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1986ء میں جب میں وزیر اطلاعات بنا تو مجھے کہا گیا کہ اپنی گفتگو میں شاید کا لفظ استعمال کیا کریں اس لیے یہ کہتے ہوئے شائد کا لفظ استعمال کر رہا ہوں کہ مجھے ایسے حالات پیدا ہوتے نظر آرہے ہیں کہ شاید سابق وزیراعظم عمران خان کی فائنل کال سے پہلے ہی انتخابات کا اعلان ہو جائے۔

میزبان وسیم بادامی نے کہا کہ اگر میں اس بات سے یہ اخذ کروں کہ کہیں نہ کہیں اس حوالے سے بات چیت جاری ہے اسی لیے فائنل کال کی تاریخ آگے جا رہی ہے، جس پر شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ایسا اخذ کرنے میں کوئی حرج نہیں لیکن شاید کا لفظ بھی استعمال کر لیں۔

https://twitter.com/x/status/1574739425950834688
الیونتھ آور کے میزبان کے ایک اور سوال پر کہ "پنجاب حکومت کو کوئی خطرہ ہے" قائد عوامی مسلم لیگ وسابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کو کسی قسم کا خطرہ نہیں ہے، چودھری شجاعت اور چودھری پرویز الٰہی میں جلد صلح ہو جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے خود چودھری پرویز الٰہی کو کہا ہے کہ اگر مجھے کہیں تو میں چودھری شجاعت حسین کے پاس جانے کو تیار ہوں وہ میرے بھائیوں جیسے ہیں۔

https://twitter.com/x/status/1574763804583694336
انہوں نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین کا فیصلہ زیادہ اہم ہوتا ہے لیکن چودھری پرویز الٰہی نے مجھے خود کہا ہے کہ ہماری 10 سے 15 دن میں صلح ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے چودھری پرویز الٰہی سے کہا تھا میں اس معاملے کو ختم کروانے کیلئے تیار ہوں ، انہیں بھی وزارت سے حصہ مل گیا ہے جبکہ آپ کو بھی وزارت اعلیٰ مل چکی ہے اور آپ کے بیٹے بھی ٹھیک جگہ پر ہیں، ایسا کوئی مسئلہ نہیں رہا کہ لڑائی کو طول دیا جائے، جلد صلح ہو جائے گی۔