عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کا اعلان

13qaidi.jpg

عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر جیلوں میں موجود قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کا فیصلہ، حکومت نے قیدیوں کی 90 روز کی سزا معافی کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے عید میلاد النّبی ﷺ کے موقع پر ملک بھر کی جیلوں میں قید مجرمان کی سزاؤں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔ اس ضمن میں وزارت داخلہ نے سزا معافی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے جبکہ چاروں صوبوں کے ہوم سیکٹریز اس پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق قتل، غداری، ریاست مخالف اور سنگین جرائم میں ملوث کے علاوہ عمر قید والے قیدیوں کو 90 روز کی سزا معافی ملے گی۔


نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ عمر قید کی دو تہائی سزا کاٹنے والے قیدیوں کو 90 روز کی سپیشل سزا معافی بھی مل سکے گی جبکہ عمر قید کی ایک تہائی سزا کاٹنے والے 65 سال سے بڑے مرد اور 60 سال سے بڑی خاتون قیدیوں پر بھی نوٹیفکیشن کا اطلاق ہوگا۔

بچوں کے ساتھ سزا کاٹنے والی خاتون قیدیوں پر بھی نوٹیفکیشن کا اطلاق ہوگا جبکہ سنگین کرائم اور دہشتگردی آرڈیننس 1999 کے تحت سزا یافتہ قیدیوں پر اس کا اطلاق نہیں ہو گا، 90 روز کی سپیشل سزا معافی کا اطلاق ایک تہائی سزا مکمل کرنے والے 18 سال سے کم عمر نابالغ بچوں پر بھی ہوگا۔