میٹرک امتحانات میں 100فیصد مارکس لینے والے طلباء کو نئی مشکل کا سامنا

4gcstuent.jpg

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی (جی سی یو) نے انٹرمیڈیٹ میں داخلے کے لیے امیدواروں کا انٹری ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے، میٹرک امتحانات میں سیکڑوں طلبہ کے 100 فیصد نمبرز نے تعلیمی بورڈز کی کارکردگی مشکوک کر دی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور نے میٹرک امتحانات میں 100 فیصد نمبرز لینے والے طلبا کا ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا جبکہ طلبا کا میرٹ ٹیسٹ کے نتائج کی بنیاد پر بنایا جائے گا۔ میٹرک امتحانات میں 100فیصد نمبر لینے والے طلبا کا ریاضی، حیاتیات، مطالعہ پاکستان، انگریزی اور اردو کا ٹیسٹ لیا جائے گا۔

دوسری جانب گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اصغر زیدی کا کہنا ہے کہ تعلیمی بورڈز کی جانب سے میٹرک امتحانات میں سیکڑوں طلبہ کو 100 فیصد نمبر دیئے گئے جس نے بورڈز کا سسٹم مشکوک کر دیا ہے۔

ڈاکٹر اصغر زیدی نے کہا کہ جی سی یونیورسٹی نے انٹر میڈیٹ امتحان کی داخلہ پالیسی تبدیل کردی ہے، جبکہ لاہور بورڈ سے داخلہ پالیسی میں تبدیلی کی منظوری بھی حاصل کرلی ہے۔

واضح رہے کہ 16 اکتوبر کو لاہور بورڈ کے میٹرک نتائج نے سب کو حیران کر دیا تھا، بورڈ نے میٹرک کا امتحان دینے والے 707 امیدواروں کو 1100 میں سے 1100 نمبر دیئے تھے۔

بورڈ کا کہنا تھا کہ کووِڈ پالیسی کے تحت نتائج کا اعلان کیا گیا ہے، جس میں میٹرک کے تمام بچوں کو پاس کر دیا گیا ہے، جبکہ صرف غیر حاضر بچے فیل ہوئے ہیں۔