ٹک ٹاک نے سال کی دوسری سہ ماہی میں پاکستان سے کتنے ہزار ویڈیوز ڈیلیٹ کیں؟

12tiktokvv.jpg

ٹک ٹاک ویڈیو ایپ شروع سے ہی پاکستان میں ایک متنازع حیثیت رکھتی آئی ہے اس پلیٹ فارم پر کچھ لوگ اپنے ٹیلنٹ کا اظہار کرتے ہیں جبکہ زیادہ تر لوگ ایسا مواد اپ لوڈ کرتے ہیں جو قابل اعتراض اور غیر اخلاقی ہوتا ہے۔ تاہم کمپنی نے کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والے اکاؤنٹس کی ویڈیوز کو ہٹانے کا کام شروع کیا ہے۔

خبر رساں ادارے جنگ کے مطابق ٹک ٹاک انتظامیہ نے سال 2021 کی دوسری سہ ماہی کی رپورٹ جاری کی ہے جس میں اپریل سے جون کے دوران اپ لوڈ ہونے والی قابل اعتراض ویڈیوز کو ہٹا دیا گیا ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق دنیا بھر سے ایپ انتظامیہ نے 15 لاکھ 18 ہزار 334 ویڈیوز کمیونٹی گائیڈلائنز کی خلاف ورزی پر پلیٹ فارم سے ہٹا دی ہیں۔

یہ تعداد مجموعی طور پر ٹک ٹاک پر اپ لوڈ ہونے والی ویڈیوز کے ایک فیصد سے بھی کم ہے، مگر حیران کن بات یہ ہے کہ پاکستان سے 98 ہزار سے زائد ویڈیوز ہٹائی گئیں۔ اس طرح پاکستان دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر رہا جہاں سے سب سے زیادہ قابل اعتراض مواد اپ لوڈ گیا گیا۔

پاکستان سے اپ لوڈ ہونے والی ویڈیوز میں سے 73.3 فیصد ایسی ویڈیوز تھیں جو کہ ہراسگی اور دھمکی آمیز مواد پر مبنی تھیں۔ جبکہ 72.9 فیصد ویڈیوز میں نفرت آمیز رویوں کا اظہار کیا گیا تھا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ پاکستان سے ایسی ویڈیوز اپ لوڈ ہونے کی شرح پہلے سے بڑھی ہے یہ شرح گزشتہ سہ ماہی میں 66.2 فیصد تھی جو کہ اب بڑھ کر 67 فیصد پر پہنچ چکی ہے۔

ایپ انتظامیہ نے یہ بھی بتایا ہے کہ حال ہی میں ایک شامل کیے گئے prompts کے فیچر کا بہت فائدہ ہوا ہے جس میں لوگ اپنے مواد اور تاثرات کا جائزہ لے سکتے ہیں۔ اس کی مدد سے ہر 10 میں سے 4 لوگوں نے جائزہ لے کر خود ہی اپنی ویڈیوز کو روک لیا یا اس میں ترامیم کر کے اسے دوبارہ اپ لوڈ کیا۔