ڈیٹا تجزیئے کے دوران ڈکلیئر نہ کی گئیں دوبیویاں بھی سامنے آئیں: ثانیہ نشتر

data-sania.jpg


ڈیٹا تجزیئے سے ڈکلیئرنہ کی گئیں دو بیویاں بھی سامنے آئیں،ثانیہ نشتر

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی تخفیف غربت میں معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بتایا کہ ڈیٹا تجزیئے کے دوران کئی لوگوں کی ڈکلیئر نہ کی گئی دو بیویاں منظر عام پر آئیں،بریفنگ میں ثانیہ نشتر نے بتایا کہ ہم سر پکڑ کر رہ گئے کہ کس کو ریلیف دیں، نام ظاہر نہیں کیے۔

ڈاکٹر ثانیہ نشترنے اس پر وضاحت دی کہ احساس پروگرام کے تحت ایک ہی بیوی کو رقم کی ادائیگی کی جاتی ہے، جس بیوی کو ظاہر نہیں کیا گیا تھا ،اسے ہم نے بھی ظاہر نہیں کیا۔

احساس کے پہلے مرحلے میں 1 کروڑ 48 لاکھ سے زائد مستحقین میں 179 ارب روپے سے زائد تقسیم کئے گئے،احساس کیش پروگرام کے دوسرے مرحلے کیلئے 48 ارب روپے رکھے گئے، 28 لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد میں 34 ارب 55 کروڑ تقسیم کئے گئے ہیں۔

گزشتہ روز ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ جن کی ماہانہ آمدنی 50 ہزار روپے سے کم ہے وہ احساس راشن رعایت پروگرام میں رجسٹرڈ ہوسکیں گے،عالمی سطح پر مہنگائی سے پاکستان بھی متاثر ہے ، جب تک مہنگائی ہے، حکومت متحرک ہے کہ اس کا توڑ لایا جائے، حکومت نے اسی لیے احساس راشن رعایت پروگرام شروع کیا۔

ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ احساس راشن رعایت پروگرام کے تحت مستحق گھرانوں کو آٹا ، دالوں اور تیل یا گھی پر ایک ہزار کی رعایت ملے گی، خوشی ہے کہ قومی بینک کے ساتھ کام کر رہے ہیں، ہم مل کر عوام کی مشکلات کو حل کریں گے،جن کی ماہانہ آمدنی پچاس ہزار سے کم ہے وہ احساس راشن رعایت پروگرام میں رجسٹرڈ ہو سکیں گے۔

ثانیہ نشتر کی کچھ روز قبل کی گئی پریس کانفرنس۔