کراچی، بیٹے کے ہاتھوں باپ کے قتل کا لرزہ خیز واقعہ، ملزم گرفتار

betii11.jpg


چند روز قبل کراچی سپر ہائی وے سے ملنے والی لاش کے قتل کا معمہ حل ہو گیا، بیٹے کے ہاتھوں اپنے ہی باپ کے بہیمانہ قتل نے لوگوں کے دل لرزا دیے۔ ایسٹ انویسٹیگیشن ونگ نے اندھے قتل میں ملوث بیٹے کو گرفتار کر لیا۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن الطاف حسین کے مطابق 21 اپریل کو سپر ہائی وے پر افغان کٹ سے ایک بیگ ملا تھا، جس میں بے دردی سے قتل ہونے والے ایک شخص کی لاش ملی تھی، جو بغیر سر اور بغیر ٹانگوں کی تھی۔ لاش کو سلیم خلجی کے نام سے شناخت کیا گیا، تکنیکی سہولیات سے ملزم کی شناخت بھی حاصل کر لی گئی۔

پولیس کے مطابق تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ مقتول کو اس کے سگے بیٹے نے جان سے مارا تھا۔ مقتول سلیم خلجی کے بیٹے کی مشکوک چیزیں سامنے آئی تھیں، جس پر تفتیش کے لیے اسے گرفتار کیا گیا تو حیرت انگیز انکشافات سامنے آئے۔ بیٹے نے قتل کا اقرار کرتے ہوئے بیان دیا کہ والد گھر میں آئے دن مار پیٹ اور جھگڑا کرتے تھے۔

ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ 21 اپریل کو میں نے والد کے سر پر ہتھوڑی مار کر قتل کر دیا، پھر گرینڈر کی مدد سے سر اور ٹانگیں کاٹیں، اور پھر لاش جلا کر لیاری ندی میں پھینک دی۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل شہر قائد کے علاقے ملیر سعود آباد قتل کی لرزہ خیز واردات ہوئی جس میں نوعمر سوتیلے بیٹے نے ماں کو نماز کی حالت میں تیز دھار آلے کے پے در پے وار کر کے قتل کر دیا۔

اپنی ماں کو دورانِ نماز قتل کرنے والا بدبخت بیٹا بدنام موبائل گیم پب جی کا عادی نکلا ۔سوتیلی ماں نے ملزم سے موبائل فون لے کر اسے پڑھائی کی تاکید کی تھی جس کا اسے غصہ تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم کو والدہ نے چھوٹے بھائی کی سالگرہ کے لیے کیک لانے کے پیسے دیے تو ملزم چھری خرید لایا، 17 سالہ نوجوان نے مبینہ طور پر نماز کی حالت میں سوتیلی ماں پر حملہ کر کے اسے قتل کیا۔