ہمارا بیانیہ امریکا مخالف نہیں، ہم دوستی چاہتے ہیں غلامی نہیں، فیاض چوہان

10fayazchohan.jpg

ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ہمارا امریکا مخالف بیانیہ نہیں ہے، ہم غلامی نہیں دوستی کرنا چاہتے ہیں۔ امریکا سے جو گاڑیاں ملیں، وہ ایڈ کی صورت میں عوام کے لیے ہیں لیکن غلامی اختیار نہیں کرسکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پچھلے 4 مہینوں میں متعدد بار کہا کہ فوج بہت اہم ہے۔ پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جو اداروں سے محبت کرتی ہے۔ ترجمان وزیراعلیٰ نے مزید کہا پاکستان میں دو شخصیات ہیں جنہوں نے ختم نبوت کی جنگ لڑی، ایک عمران خان اور دوسرے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی ہیں۔


فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا ٹی ایل پی کو عمران خان اور چودھری پرویز الہٰی کے بعد کسی اور کی ضرورت نہیں ہے۔ ٹی ایل پی ہمارے جھنڈے تلے آکر جدوجہد کرے۔

راولپنڈی میں کمیٹی چوک پر یوم عاشور کے سلسلے میں دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ پولیس، رینجرز اور فوج کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ صوبائی حکومت پنجاب میں 2 ہزار سے زائد جلوسوں کو سکیورٹی دے رہی ہے۔ انہوں نے مرکزی کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب اور کمشنر بھی موجود تھے۔

شمالی وزیرستان میں خودکش حملے کے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ آج صبح پاک فوج کے جوان وزیرستان میں شہید ہوئے، پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی کو معلوم ہے کہ ایک صوبہ کیسے چلایا جاسکتا ہے۔ وزیراعلیٰ کی سربراہی میں سکیورٹی پلان تیار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں ساڑھے 300 سی سی ٹی وی کیمرے ہیں، جن سے جلوسوں کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ ڈبل سواری پر پابندی اور موبائل فونز پر پابندی لگائی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ موجودہ حکومت سے ملک نہیں چل رہا۔ نااہلوں کا ٹولہ ہے، یہ میڈیا پر پابندی لگا رہے ہیں، کارکردگی نہیں دکھا سکتے۔ پی ٹی آئی جلسے کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بنیادی طور پر 2 سے 3 جلسے راولپنڈی اسلام آباد میں ہوچکے ہیں، اس لیے اب لاہور میں جلسہ کر رہے ہیں۔
 
Sponsored Link