ہونڈا سوک کی 11ویں جنریشن کار پاکستان میں متعارف کرانے کیلئے درآمد

hondi1i11.jpg


پاکستان میں موجود معروف کار مینوفیکچرر "ہونڈا" نے اپنی 11ویں جنریشن کی سیڈان گاڑی "سوک" کا ماڈل ملک بھر میں متعارف کرانے کیلئے درآمد کر لیا ہے۔ 1973 میں پہلی بار فروخت کے لیے پیش کیے جانے والے ماڈل کے بعد یہ 10 ویں بار ہے جب ہونڈا سوک کو ری ڈیزائن کیا گیا۔

11 جنریشن سوک کے بارے میں کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ پہلے سے بہتر کارکردگی کی حامل گاڑی ہے۔ ہونڈا سوک 2022 میں 4 ورژن ایل ایکس، اسپورٹ، ای ایکس اور ٹورنگ دستیاب ہوں گے۔ نئی سوک پہلے سے زیادہ لمبی ہے جس میں وہیل بیس کو 1.4 انچ بڑھایا گیا ہے جبکہ مجموعی لمبائی 1.3 انچ زیادہ ہے۔ ڈیزائن کے لحاظ سے 2022 کا ماڈل دیکھنے میں 10 جنریشن ماڈل سے ملتا جلتا ہی ہے مگر اسٹائلنگ زیادہ کلین ہے۔

فرنٹ گرل اور آل ایل ای ڈی فرنٹ اور رئیر لائٹنگ جیسے فیچرز بھی گاڑی کا حصہ ہیں۔ باہر کے مقابلے میں نئی سوک کے کیبن کا ڈیزائن ضرور پہلے سے بہت زیادہ مختلف ہے۔ روبوٹک ڈیش بورڈ کو بدل دیا گیا ہے اور زیادہ پروقار ڈیزائن کو ترجیح دی گئی ہے۔ اس بار بٹنوں کی تعداد کم ہے مگر بنیادی فنکشنز کے لیے فزیکل کنٹرولز موجود ہیں۔

ہونڈا سوک کے 2 ورژنز میں میں 2.0 لیٹر فورسلینڈر انجن دیا گیا ہے جو 158 ہارس پاور اور 138 ٹارک طاقت فراہم کرتا ہے۔ دیگر 2 میں ٹربو چارج 1.5 لیٹر انجن موجود ہوگا جو 174 سے 180 ہارس پاور فراہم کرے گا۔ ایندھن کی بچت کے حوالے سے نئی سوک زیادہ بہتر ہے جس میں فی گیلن ایک سے 2 اضافی میل کی مائلیج کی سہولت مل سکے گی۔

گاڑی کا فرنٹ سسپنشن کو کچھ تبدیل گیا ہے جس سے اسٹیئرنگ کو زیادہ مضبوطی ملتی ہے جبکہ ریئر سسپنشن کو بھی بدلا گیا ہے تاکہ رائیڈ کوالٹی کو بہتر کیا جاسکے۔ گاڑی میں ٹریفک سائن کی شناخت کرنے والی ٹیکنالوجی کا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ نیا لو اسپیڈ بریکنگ کنٹرول گاڑی کا حصہ ہے جو اس سے پہلے اکارڈ میں موجود تھا۔

وائرلیس ڈیوائس چارجنگ، 12 اسپیکر آڈیو سسٹم، ڈیجیٹل انسٹرومنٹ کلسٹر کے ساتھ ساتھ انفوٹینمنٹ سسٹمز کو بھی پہلے سے بہتر بنایا گیا ہے۔ مسافروں کے تحفظ کے لیے بلائنڈ اسپاٹ مانیٹرنگ کے ساتھ ہونڈا کے لین واچ سسٹم کو دیا گیا ہے جبکہ فرنٹ ایئربیگز کو ری ڈیزائن کیا گیا ہے۔ پیچھے کی نشستوں میں بھی اس بار ایئربیگز کا اضافہ کیا گیا ہے۔

پاکستان میں اس گاڑی کو جانچنے کیلئے تھائی لینڈ سے درآمد کیا گیا ہے، اگرچہ اس کو لانچ کرنے سے متعلق تو فی الحال نہیں بتایا گیا مگر توقع کی جا رہی ہے کہ ٹیسٹنگ کے بعد اس سیڈان کو 2022 کے اختتام سے قبل ہی مارکیٹ میں پیش کر دیا جائے گا۔ جب کہ اس کی قیمت 40 لاکھ کے قریب ہوگی۔

 
Advertisement
Sponsored Link