سکھ رہنما کے قتل میں ملوث بھارت کا کینیڈین شہریوں کیلئے ویزوں کا اجراء معطل کرنے کا اعلان
بھارتی حکومت نے سکھ رہنما کے قتل میں ملوث ہونے کا الزام لگنے کے بعد کینیڈین شہریوں کیلئے بھارت کے ویزوں کا اجراء معطل کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان ارندام باگچی نے دہلی میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا میں ہمارے ہائی کمشنراور قونصل خانوں کو سیکیورٹی خطرات لاحق ہیں جس سے نئی دہلی بخوبی آگاہ ہے، ان سیکیورٹی خدشات کے باعث اداروں کے معمول کے کاموں میں خلل پڑرہا ہے۔
ترجمان بھارتی دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ ایسی صورتحال میں ہمارے قونصل خانے اور کمیشن عارضی طور پر ویزا درخواستوں پر کارروائی کرنے سے قاصر ہیں۔
خیال رہے کہ سکھوں کی علیحدگی پسند تنظیم کے کینیڈا میں سرگرم رہنماہردیپ سنگھ نجار کے قتل کے بعد بھارت اور کینیڈا کے درمیان صورتحال کشیدہ ہوتی جارہی ہے، سکھس فار جسٹس نےآئندہ ہفتے کینیڈا میں بھارت کے تمام سفارتی مشنز کو بند کروانے کا مطالبہ کرتے ہوئے مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔
کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی جانب سے ہردیپ سنگھ کے قتل کے حوالے سے بھارت پر عائد الزامات کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان سرد جنگ چھڑگئی ہے، کینیڈین حکومت نے بھارتی سفارتکار کو ملک بدر کیا تو بھارت نے بھی کینیڈین سفیر کو ملک چھوڑنے کی ہدایت کردی تھی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/visa-canada.jpg