وزیراعلی بلوچستان کو ڈاکٹر بن کر بریفنگ دینے والے میل نرس کے خلاف مقدمہ درج

8sarfarzbugatokskjkj.png


کوئٹہ کے بولان میڈیکل کمپلیکس میں وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی کو دورے کے دوران ڈاکٹر بن کر بریفنگ دینے والے میل نرس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ڈیوٹی سے غیر حاضر 22 ڈاکٹروں کو معطل کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے بروری تھانے میں میل نرس محمد قاسم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، مقدمہ ایڈمنسٹریٹر آفیسر محمد ہاشم کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

مدعی مقدمہ نے میل نرس محمد قاسم کے ڈاکٹر بن کر وزیراعلیٰ کو بریفنگ دینے کے معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ12 مارچ کی رات 11 بج کر 50 منٹ پر وزیراعلی سرفراز بگٹی نے ہسپتال کا دورہ کیا، اس موقع پر محمد قاسم نے خود کو ڈاکٹر ظاہر کیا اور انہیں شعبہ حادثات اور ایڈمٹ مریضوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔


ڈاکٹروں کی عدم موجودگی کے باعث میل نرس نے غلط بیانی کرتے ہوئے خود کو ڈاکٹر ظاہر کیا جس پر وزیراعلیٰ نے میڈیکل سپرٹنڈنٹ کو محمد قاسم کے خلاف مقدمہ درج کروانے کا حکم دیا جس کے بعد تعزیرات پاکستان کی دفع419 اور 420 کے تحت محمد قاسم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کے موقع پر ہسپتال سے 22 ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی غیر حاضری کا انکشاف بھی ہوا، وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق غیر حاضر ڈاکٹرز اور اسٹاف کے دیگر افراد کو معطل کردیا گیا ہے، مذکورہ ہسپتال کے ڈاکٹرز و اسٹاف کے غیر حاضر رہنے کی شکایات عام ہیں۔