
امریکا میں غیرقانونی تارکین وطن کو گوانٹاناموبے بھیجنے کا اعلان
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیرقانونی تارکین وطن کو گوانٹاناموبے بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے ہوم لینڈ سیکیورٹی اور پینٹاگون کو خصوصی حراستی مراکز قائم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے لیکن ریلی ایکٹ (Laken Riley Act) پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے تحت غیر قانونی امیگرینٹس کی گرفتاری، حراست اور جبری بے دخلی مزید آسان ہو گئی ہے۔ یہ ان کے دوسرے دورِ صدارت میں قانونی حیثیت حاصل کرنے والا پہلا قانون ہے۔
یہ بل دونوں جماعتوں، ڈیموکریٹس اور ریپبلکنز، کی حمایت سے منظور کیا گیا، جس پر صدر ٹرمپ نے ڈیموکریٹس کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قانون سے سیکڑوں امریکیوں کی زندگیاں محفوظ ہوں گی۔ دستخط کی تقریب میں ہوم لینڈ سیکیورٹی کی وزیر کرسٹی نوئم بھی موجود تھیں۔
اس قانون کے تحت وفاقی امیگریشن حکام اب ان افراد کو بھی جبری بے دخل کر سکیں گے جو امریکا میں بغیر قانونی اسٹیٹس کے مقیم ہیں اور معمولی جرائم جیسے چوری، دکان سے اشیاء اٹھانے، اہلکاروں پر حملہ کرنے، یا کسی شہری کو شدید زخمی یا ہلاک کرنے میں ملوث پائے گئے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری پہلے ہی واضح کر چکی ہیں کہ جو افراد غیر قانونی طور پر امریکا میں داخل ہوئے، وہ خود ایک جرم کا ارتکاب کر چکے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ جلد ہی ایک حکمنامے پر دستخط کریں گے، جس کے تحت غیرقانونی امیگرینٹس کو گوانٹاناموبے میں رکھنے کا عمل شروع کیا جائے گا۔ ان کے مطابق، گوانٹاناموبے میں قیدیوں کے لیے 30 ہزار بستر دستیاب ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://i.ibb.co/rK5v3w3m/link.jpg