
دہشت گردوں اور ان کے غیر ملکی آقاؤں کے آلہ کاروں کو پوری طرح بے نقاب کیا جا چکا ہے، اور قوم کے تعاون سے پاک فوج انہیں شکست دے کر رہے گی، آرمی چیف۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے بلوچستان میں سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر ایک جامع بریفنگ میں شرکت کی، جس میں سینئر عسکری اور انٹیلیجنس حکام بھی موجود تھے۔ اس دوران آرمی چیف کو بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا گیا۔
بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے منگوچر میں ہونے والی کارروائیوں کے دوران 23 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، جب کہ سیکیورٹی فورسز کے 18 جوان شہادت کے رتبے پر فائز ہوئے۔ ان شہداء کی نماز جنازہ میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے سی ایم ایچ میں جا کر زخمی فوجی اہلکاروں کی عیادت بھی کی اور ان کے حوصلے اور بہادری کو سراہا۔
آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج، سیکیورٹی فورسز اور انٹیلیجنس اداروں کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی عناصر ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، ان کا بھرپور قلع قمع کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ "جب بھی اور جہاں بھی ضرورت پڑی، دشمنوں کو ختم کرنے کے لیے ہر ممکن کارروائی کی جائے گی۔"
جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کو اندرونی اور بیرونی مدد حاصل ہے، اور یہ عناصر منافقت کی پالیسی اختیار کرتے ہوئے درپردہ دشمنوں کے لیے کام کر رہے ہیں۔ تاہم پاک فوج اور قوم کی یکجہتی کے باعث ایسے دشمن کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ "غیر ملکی آقاؤں کے آلہ کار بن کر دہشت گردی کو ہوا دینے والے دوغلے عناصر سے آگاہ ہیں، شکار کے لیے شکاری کے ساتھ اور بچاؤ کے لیے شکار کے ساتھ چلنے والے ہمارے لیے کوئی اجنبی نہیں، نام نہاد دوست نما دشمن کچھ بھی کرلیں، انہیں پاک فوج کے سامنے شکست ہوگی۔"
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اس دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔
بلوچستان کے ضلع قلات میں یکم فروری کی رات سیکیورٹی فورسز نے ایک بڑا آپریشن کیا، جس میں دہشت گردوں نے سڑک بلاک کرنے کی کوشش کی۔ اس صورتحال پر فوری ردعمل دیتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کا آغاز کیا اور 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ تاہم اس دوران 18 فوجی جوان جام شہادت نوش کر گئے۔
اس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے ہرنائی میں ایک اور کلیئرنس آپریشن کیا، جس میں مزید 11 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔
https://twitter.com/x/status/1885718371456491676 https://twitter.com/x/status/1885741569283650020
Last edited by a moderator: