Amal
Chief Minister (5k+ posts)
بِسْمِ اللّـٰهِ الرَّحْـمٰنِ الرَّحِيْـمِ
اللہ عزوجل کا فرمان ہے
أَلَمْ تَرَوْا أَنَّ اللَّهَ سَخَّرَ لَكُمْ مَا فِي السَّمَاوَاتِ وَمَا فِي الْأَرْضِ وَأَسْبَغَ عَلَيْكُمْ نِعَمَهُ ظَاهِرَةً وَبَاطِنَةً
[لقمان: 20]
کیا تم نے نہیں دیکھا کہ اللہ نے جو کچھ آسمانوں میں اور جو زمین میں ہے تمھاری خاطر مسخر کر دیا اور تم پر اپنی کھلی اور چھپی نعمتیں پوری کر دیں۔
اگر دنیا کی آزمائش کے فلسفے کو دو لفظوں میں بیان کیا جائے تو یہ صبر اور شکر کا امتحان ہے۔ انسان پر یا تو خدا کی نعمتوں کا غلبہ ہوتا ہے یا پھر وہ کسی مصیبت میں گرفتار ہوتا ہے۔ پہلی صور ت میں اسے اللہ کا شکر کرنے کی ہدایت ہے تو دوسری صورت میں صبر و استقامت کی تلقین۔ چنانچہ جو لوگ ایمان کے ساتھ شکر اور صبر کے تقاضے پورا کرنے میں کامیاب ہوگئے وہی لوگ دنیا و آخرت میں فلاح پانے والے ہیں۔
اللہ تعالیٰ خالق کل اور مالک کل ہیں، اللہ تعالیٰ کی معرفت اللہ کےاسما، صفات اور افعال سے حاصل ہوتی ہے، اللہ تعالیٰ کے ناموں میں سے ایک نام “الوہاب” اور صفات میں سے ایک صفت “الکرم” ہے اسی صفت کے ساتھ اللَّہ اپنے بندوں پر نعمتوں کی برسات کرتے ہیں- اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں پر بےشمار نعمتیں کیئں ہوئی ہیں- زمین و آسمان ، دریا سمندر، خشکی پانی ، یہاں تک کہ پوری کائنات انسان کے واسطے سجائی گئی ہیں مگر انسان بڑا جلد باز اور ناشکرا ہے ذرا سی تکلیف ، مصیبت یا بیماری آنے پر ناشکری کرنے لگتاہے، اور کہتا ہےکہ میرے ساتھ ہی ایسا کیوں ہوتا ہے، یہ بہت بڑی ناشکری ہے کیا یہ اللہ کا کرم نہیں کہ اس نے ہمیں صحت وتندرستی ، مال و متاع ، جائیدادیں و زمینیں ، اہل و عیال ، عقل سلیم و علم عظیم ، حسن و وجاہت ، جسم کے سارے اجزاء سلامت ہونے کے ساتھ ساتھ زندگی کا اعلیٰ معیار دیا ہے- اگر اللہ ہماری آزمائش کے لیے کوئی نعمت نہ دے یا کسی نعمت میں کمی کردے یا کوئی نعمت دیکر واپس لےلے . تو اس پر ناشکری کیوں ؟
ہمیں ہرحال میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے رہنا چاہیے- ہروقت اللہ کے ذکر سے رطب السان ہونا چاہیے کیوں کہ اللہ تعالیٰ کی ہم پر
بےشمار نعمتیں ہیں جن کو ہم شمار بھی نہیں کرسکتے ۔
اللہ تعالیٰ قرآن مجید میں ارشاد فرماتے ہیں
وَآتَاكُمْ مِنْ كُلِّ مَا سَأَلْتُمُوهُ وَإِنْ تَعُدُّوا نِعْمَتَ اللَّهِ لَا تُحْصُوهَا
ترجمہ“اور اگر اللہ کے احسانات گننے لگو تو شمار نہیں کرسکو گے” (ابراہیم:34 )
يَآ اَيُّـهَا الَّـذِيْنَ اٰمَنُـوْا كُلُوْا مِنْ طَيِّبَاتِ مَا رَزَقْنَاكُمْ وَاشْكُرُوْا لِلّـٰهِ اِنْ كُنْتُـمْ اِيَّاهُ تَعْبُدُوْن
اے اہل ایمان جو پاکیزہ چیزیں ہم نے تم کو عطا فرمائی ہیں ان کو کھاؤ اور اگر اللہ ہی کے بندے ہو تو اس (کی نعمتوں) کا شکر بھی ادا کرو۔
(البقرہ ۱۷۲:۲)
وَهُوَ الَّـذِىْ جَعَلَ اللَّيْلَ وَالنَّـهَارَ خِلْفَةً لِّمَنْ اَرَادَ اَنْ يَّذَّكَّـرَ اَوْ اَرَادَ شُكُـوْرًا
اور وہی تو ہے جس نے رات اور دن کو ایک دوسرے کے پیچھے آنے جانے والا بنایا (یہ باتیں) اس شخص کے لئے جو غور کرنا چاہے یا شکر گزاری کا ارادہ کرے
(الفرقان ۶۲:۲۵)
فَإِنَّ مَعَ الْعُسْرِ يُسْرًا o إِنَّ مَعَ الْعُسْرِ يُسْرًا
[الشرح: 5، 6]
’’ پس یقیناً مشکل کے ساتھ آسانی ہے۔ بے شک مشکل کے ساتھ آسانی ہے۔‘‘
ہم اس اللہ واحد وصمد کے بندے وغلام ہیں جس سے نہ کوئی پیدا ہوا اورنہ وہ کسی سے پیدا ہوا ، اورنہ کوئی اس کا ہمسر ہے ، اوروہ ہمارا رب وپروردگار ہے ، اس کے علاوہ ہمارا کوئی رب نہیں ، اسی لیے ہم اپنے رب کریم کے احکام و اوامر کو بجا لانے میں کسی بھی قسم کی حیل وحجت سے کام نہیں لیتے بلکہ جوکچھ بھی ہمارا رب ہمیں حکم دیتا ہے ہم اسے انتہائی عاجزی وانکساری کے ساتھ تسلیم کرتے ہیں ، کیونکہ ہمیں علم ہے کہ ہمارا رب حکیم ہے جس کی حکمت سے زيادہ کسی کی حکمت نہیں ہوسکتی ، اورہمیں علم ہے کہ وہ رحیم ہے جس کے سوا کوئی رحم کرنے والا نہیں ہے وہ اپنی حمدوتعریف کے ساتھ پاک ہے ، اسی لیے ہم اس سے ایسی محبت کرتے ہیں جو ہم پر اس کے ہر حکم کی اطاعت لازم کرتی ہے جس کا وہ ہمیں حکم دیتا ہے اگرچہ اس حکم میں ہم پر مشقت ہی کيوں نہ ہو ، ہم اس کے دیے گئے حکم کی بجا آوری میں سعادت و راحت محسوس کرتے ہیں ۔ صبر و شکر گزاری کی یہی عادتیں زندگی کو خوشگوار اور مطمئن بنائے رکھتی ہیں اور غم باقی نہیں رہتے ۔