وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایف نائن پارک کے قریب تشدد کا شکار خواتین اور ملزم کے درمیان راضی نامہ طے پا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق، راضی نامے کے بعد ملزم جمال کو 7 مارچ کو ضمانت مل گئی ہے۔ خواتین اور ملزم کے درمیان ہونے والا معاہدہ بھی منظر عام پر آچکا ہے۔
معاہدے میں تینوں خواتین نے واضح کیا کہ وہ مکمل طور پر مطمئن ہیں اور جمال بے قصور ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقدمہ غلط فہمی کی بنیاد پر درج کروایا گیا تھا۔
https://twitter.com/x/status/1899163505795928448
معاہدے پر تینوں خواتین کے دستخط موجود ہیں، جس میں یہ بیان شامل ہے کہ وہ پوری طرح تسلی کر چکی ہیں اور جمال کے ساتھ راضی نامہ کر لیا گیا ہے۔
خواتین نے یہ بھی کہا کہ اگر عدالت جمال کو رہا کرے تو انہیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ مقدمے کی مزید پیروی نہیں کرنا چاہتیں اور اگر عدالت ملزم محمد جمال کو بری کر دے تو انہیں کوئی اختلاف نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ ایف نائن پارک میں خواتین پر تشدد کا واقعہ 23 فروری کو پیش آیا تھا۔ درج شدہ مقدمے میں ملزم جمال پر خواتین پر تشدد کرنے کے علاوہ 10 تولہ زیورات اور 20 لاکھ روپے نقدی چھیننے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔