
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 306 کا لاپتا پہیہ بالآخر کراچی ایئرپورٹ کے ریموٹ پارکنگ بے کے قریب سے برآمد کرلیا گیا۔ گزشتہ روز لاہور ایئرپورٹ پر ایک پہیے کے بغیر ہنگامی لینڈنگ کرنے والے اس ایئربس طیارے کے معاملے پر ایوی ایشن حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے مطابق، ویل کے طیارے سے علیحدہ ہونے کے باوجود کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔ تاہم، حکام اس غیر معمولی واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیق کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، ایئربس کمپنی نے پی آئی اے کے اس طیارے کی تکنیکی بنیادوں پر تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ بورڈ آف سیفٹی انویسٹیگیشن پہلے ہی اس معاملے کی چھان بین کر رہا ہے۔ ایئربس ساختہ A320 طیارے بنانے والی کمپنی نے پی آئی اے سے پرواز پی کے 306 کے AP-BLS رجسٹریشن کے حامل طیارے کی مکمل رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق، ایئربس کمپنی نے اس طیارے کا تین ماہ کا مکمل فلائٹ ڈیٹا ریکارڈ اور چیک لسٹ بھی طلب کر لی ہے، جبکہ لینڈنگ گیئر سمیت دیگر تکنیکی رپورٹس فراہم کرنے کے لیے بھی کہا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پرواز پی کے 306 نے بدھ کی شب لاہور ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی تھی، اور لینڈنگ کے بعد طیارے کے ایک ٹائر کی عدم موجودگی کا انکشاف ہوا تھا۔ ایوی ایشن ماہرین کے مطابق، ہر طیارے کے ٹیک آف کے بعد پی اے اے کا عملہ رن وے کا باریک بینی سے جائزہ لیتا ہے تاکہ یہ تصدیق کی جا سکے کہ طیارے سے کوئی چیز نکل کر رن وے پر نہ گری ہو۔ کیونکہ رن وے پر پڑی دھاتی یا ٹھوس اشیا کسی دوسرے طیارے کے ٹیک آف کے دوران شدید حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔ تاہم، پی اے اے حکام کو طیارے کے پہیہ غائب ہونے کا علم اس وقت ہوا جب وہ لاہور پہنچ چکا تھا۔
https://twitter.com/x/status/1900837950885150853
Last edited by a moderator: