
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کئی اہم فیصلے کیے گئے ہیں جن میں بھکر اور بہاولنگر میں ایئرپورٹ کی تعمیر کا اصولی فیصلہ شامل ہے۔ اس کے علاوہ، اسپیشل افراد، بزرگ شہریوں اور طلبہ کے لیے مفت سفر کی سہولت بھی فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں ٹرانسپورٹ کارڈ جاری کرنے کی تجویز پر غور کیا جائے گا۔ مریم نواز نے چکن کے نرخ کم کرنے کے لیے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت دی اور جنسی جرائم کی تفتیش کے لیے اسپیشل انوسٹی گیشن یونٹس کے قیام کی منظوری دی۔
وزیر اعلیٰ نے ضلع بھکر میں ایئر ایمبولینس سروس کے لیے ایئر اسٹرپ کی تعمیر کے فنڈز کی منظوری بھی دی۔ اس کے علاوہ، پنجاب کی ایئر لائن سروس کے آغاز کی تجویز پر بھی اجلاس میں غور کیا گیا۔
مریم نواز نے ٹریفک چالانوں اور جرمانوں کی وصولی کو یقینی بنانے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی ہدایت کی اور اس بات پر زور دیا کہ لاء آفیسرز کی تعیناتی 100 فیصد میرٹ پر ہونی چاہیے۔
انہوں نے رمضان میں قیمتوں پر کنٹرول کے حوالے سے کہا کہ یہ پہلی بار ہے کہ رمضان میں قیمتیں کنٹرول میں رہیں اور شہریوں نے نگہبان رمضان پیکیج پر مثبت ردعمل دیا۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ 25 لاکھ 64 ہزار گھرانوں کو رمضان پیکیج کے چیک مل چکے ہیں اور جلد 15 لاکھ گھرانوں کو راشن کارڈ بھی دیے جائیں گے۔
کابینہ نے نادار افراد کے لیے پنجاب لیگل ایڈ رولز میں ترمیم کی منظوری دی اور چاول کی دو فصلیں کاشت کرنے کی پابندی کی تجویز کو مسترد کر دیا۔
اس کے علاوہ، 3904 نئے آسامیوں کے قیام، کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کی تشکیل، اور رائٹ مینجمنٹ پولیس کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔