
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کے اعلان کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی کاوشوں کی بدولت ملک اب صحیح سمت میں گامزن ہو چکا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق، میاں نواز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں بجلی کی قیمتوں میں کمی نہ صرف عوام کو معاشی ریلیف فراہم کرے گی بلکہ ملکی برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا، جس سے قومی معیشت کو مزید استحکام ملے گا۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ٹیم کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ (ن) لیگ کے دور میں ہمیشہ عوام کو معاشی فوائد حاصل ہوتے ہیں، اور اس وقت ملک میں جو اقتصادی ترقی دیکھنے کو مل رہی ہے وہ لیگی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں معاشی ترقی کے دروازے کھل چکے ہیں، جس سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایک دن قبل اعلان کیا تھا کہ گھریلو صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ اور صنعتی صارفین کے لیے 7 روپے 59 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی ہے، جس سے ملک بھر میں بجلی کے نرخوں میں ریکارڈ کمی کا سامنا ہوا ہے۔