
لاہور – سروسز اسپتال لاہور میں ایک افسوسناک اور تشویشناک واقعہ پیش آیا، جس میں پولیس کے سب انسپکٹر نے دیگر اہلکاروں اور سادہ لباس میں ملبوس افراد کے ہمراہ ڈاکٹروں پر تشدد کیا۔ واقعے میں سینئر رجسٹرار سمیت دو ڈاکٹرز زخمی ہو گئے، جس کے بعد اسپتال کے عملے میں شدید بے چینی پھیل گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ سروسز اسپتال کی او پی ڈی میں پیش آیا، جہاں ایک مریض اور ڈاکٹروں کے درمیان معمولی تلخ کلامی ہوئی۔ مریض کے ساتھ آئے اٹینڈنٹ نے اس جھگڑے کے بعد اپنے بھائی، پولیس سب انسپکٹر کو کال کر کے موقع پر بلالیا۔
https://twitter.com/x/status/1911031343749755102
سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ سب انسپکٹر دیگر وردی پوش پولیس اہلکاروں اور سادہ کپڑوں میں موجود افراد کے ساتھ او پی ڈی میں داخل ہوا اور بلا جھجک ڈاکٹروں پر حملہ کر دیا۔ اسپتال کا عملہ موقع پر موجود ہونے کے باوجود بے بسی کا شکار رہا جبکہ تشدد سے دو ڈاکٹرز زخمی ہو گئے۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مریض کے اٹینڈنٹ اور ڈاکٹرز کے درمیان جھگڑا معمولی نوعیت کا تھا، جسے موقع پر ہی صلح کے ذریعے حل کر لیا گیا تھا۔ لیکن اس کے بعد پولیس اہلکاروں کا آ کر تشدد کرنا نہ صرف قابل مذمت ہے بلکہ یہ اسپتال کے تقدس کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی ویڈیو فوٹیج موجود ہے اور اس پر قانونی کارروائی کے لیے اعلیٰ حکام کو اطلاع دی جا چکی ہے۔ اسپتال کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ وہ اس واقعے پر سخت ایکشن لیں گے اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔