پنجاب کے درباروں پر چندہ وصولی کے لیے "ڈیجیٹل گلے" لگانے کا اعلان

screenshot_1745348943320.png

لاہور: پنجاب کے وزیر اوقاف و مذہبی امور چوہدری شافع حسین نے اعلان کیا ہے کہ درباروں پر چندہ اکٹھا کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا، اور جلد ہی اے ٹی ایم مشینز کی طرز پر ڈیجیٹل گلے نصب کیے جائیں گے۔


پنجاب اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اوقاف نے کہا کہ زائرین کی سہولت اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے درباروں پر پیسوں کے گلے کو جدید شکل دی جائے گی، جس سے چندے کی ادائیگی آسان، محفوظ اور قابل نگرانی ہو گی۔


انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب کے تمام درباروں کے لیے فنڈز جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ اوقاف کی زمینوں پر قابض افراد کے خلاف بھی سخت کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔


چوہدری شافع حسین نے انکشاف کیا کہ لاہور میں قابضین سے پانچ ایکڑ تین کنال اوقاف کی زمین واگزار کروائی جا چکی ہے، اور یہ سلسلہ پورے پنجاب میں جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جو بھی اوقاف کی زمین پر ناجائز قبضہ کیے بیٹھا ہے، اس کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔


وزیر اوقاف نے عزم ظاہر کیا کہ محکمہ اوقاف کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا، تاکہ مذہبی مقامات کی دیکھ بھال اور مالی معاملات میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
 

Back
Top