
پاکستان تحریک انصاف کےرہنما علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ اداروں کو اعتماد میں لیں گے اور اعتماد دیں گے، ہم اداروں کے ساتھ کوئی غلط فہمی نہیں چاہتے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے وزیراعلی خیبر پختونخوا کے طور پر نامزد کیے جانے والے رہنما علی امین گنڈا پور نے نجی خبررساں ادارے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بھر میں تمام کیسز میں میری ضمانت ہوچکی ہے، جلد پشاور کا دورہ کروں گا اور پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کروں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بطور وزیراعلی خیبر پختونخوا کو ویلفیئر صوبہ بنا کر امن و امان کی صورتحال بہتر کروں گا، صوبے میں صحت کارڈ فوری طور پر شروع کریں گے اور لنگر خانے اور پناہ گاہیں بھی بحال کریں گے، اس بار لنگر خانوں اور پناہ گاہوں کو اوورسیز پاکستانیوں کے فنڈز سے چلائیں گے اس پر حکومتی وسائل خرچ نہیں ہوں گے۔
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ میں تمام اراکین اسمبلی سے رابطے میں ہوں، سب باہمی مشاورت سے پالیسیاں مرتب دیں گے، مالی مشکلات کی حل کی کوششیں جاری ہیں ، امید ہے جلد مسائل ختم ہوجائیں گے، عوام ، پولیس و سرکاری ملازمین کو اعتماد میں لے کر مسائل کو حل کریں گے، غربت کے خاتمے کیلئے بھرپوراقدامات کریں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے علی امین گنڈاپور کو وزیراعلی خیبر پختونخوا کیلئے نامزد کیا گیا ہے تاہم اس فیصلے پر پارٹی کے اندر سے ہی تقسیم کا انکشاف ہوا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/akun1h11g.jpg