
امریکی سینیٹ میں چین و پاکستان کے مخالف ایک بل پیش کردیا گیا ہے، بھارت نواز بل ریپبلکن سینیٹر مارکو روبیو نے پیش کیا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی سینیٹ میں پاکستان اور چین کی مخالفت پر مبنی ایک بل پیش کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ امریکہ بھارت کے ساتھ اسرائیل، جاپان، کوریا اور نیٹو اتحادیوں جیسا برتاؤ کرے ۔
بل میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف کسی بھی قسم کی سرگرمی میں ملوث ہونے کا ثبوت سامنے آئے تو فوری طور پر پاکستان کی امداد روک کر کانگریس کو اس حوالے سے آگاہ کیا جائے، اگر روس سے ہتھیار خریدنے والے ممالک پر سخت پابندیاں عائد کیے جانے کا قانون نافذ ہوتا ہے تو بھارت کو پابندیوں کے حوالے سے سخت قانون سے محدود استثنیٰ دیا جائے۔
خیال رہے کہ بھارتی فوج بڑی مقدار میں روسی اسلحہ استعمال کررہی ہے اور خرید رہی ہے، تاہم امریکہ کی جانب سے بھارت پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی ہے، امریکی سینیٹ سے روس سے ہتھیار خریدنے والے ممالک پر سخت پابندیاں عائد کیےجانے سے متعلق ایک بل منظور کروائے جانے کا امکان ہے ، تاہم بھارت کو ان پابندیوں سے بھی استثنیٰ مل سکتا ہے۔