
پاکستان مسلم لیگ ن نے متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم) پاکستان سے قومی اسمبلی کی دس نشستوں پر حمایت کا مطالبہ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم پاکستان کے وفود کے درمیان بدھ کو ایک ملاقات ہوئی جس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے، ملاقات میں دونوں جماعتوں کےوفود کی جانب سے کراچی میں مقبولیت کے حوالے سے دعوے سامنے آئے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایم کیو ایم میاں نواز شریف کو وزیراعظم بنانے کی حامی ہے اور بدلے میں ن لیگ کی غیر مشروط حمایت کا مطالبہ کررہی ہے۔
ن لیگی وفد کا موقف ہے کہ مسلم لیگ ن کا کراچی میں ایک بڑا ووٹ بینک ہے،2015کے بلدیاتی انتخابات میں ن لیگ کراچی کی دوسری بڑی جماعت بن کر سامنے آئی تھی، لہذا ایم کیو ایم قومی اسمبلی کی کم از کم دس نشستوں پر ن لیگی امیدواروں کی حمایت کا اعلان کرے۔
ن لیگ نے ایم کیو ایم سے ملیر، کورنگی، بلدیہ اور گلستان جوہر کے علاقوں میں حمایت مانگی اور بدلے میں پورے پنجاب اور مرکز میں ایم کیو ایم کی حمایت کی یقین دہانی کروائی۔
ایم کیو ایم نے ن لیگ کے اس مطالبے پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے جواب دیا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان بات چیت ن لیگ کی خواہش پر شروع ہوئی ہے لہذا ن لیگ فراخ دلی کا مظاہرہ کرے، ایم کیو ایم وفد نے ن لیگی مطالبات کو پارٹی کی رابطہ کمیٹی و ذمہ داران کے سامنے رکھنے کا وعدہ کیا ۔
دونوں جماعتوں کے وفود نے دوبارہ ملاقات کرنے اور معاملات کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا اور طے کیا کہ جب تک مذاکرات کسی حتمی نتیجے تک نہیں پہنچ جاتے میڈیا میں کچھ نہیں بتایا جائے گا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/14mqmqpmllmaithahd.png