
وزراء کو اپنی 5 سالہ کارکردگی ایک صفحے پر بنا کر وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں جمع کرانے کی ہدایت کردی: مراد علی شاہ
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا اپنے وزراء سے گزشتہ 5 سالوں کی کارکردگی پر رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کس وزارت نے کتنا کام کیا؟ عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔
وزراء کو اپنی 5 سالہ کارکردگی ایک صفحے پر بنا کر وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ وزراء کی 5 سال کی رپورٹ کے حوالے سے ایوان میں اہم خطاب کریں گے۔
مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں بلاول بھٹو زرداری ملک کے وزیراعظم بنیں گے۔ مجھے ہنسی آرہی ہے کہ ہنستے ہنستے اسمبلی توڑنے والے اب رو رہے ہیں، یہ طنزیہ ہنسی ہنستے رہیں گے اور پورے ملک سے بلاول بھٹو کو ووٹ پڑے گا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر سندھ اسمبلی کی 5 سالہ آئینی مدت پوری کرنے کی قرارداد بھی منظور کی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ یہ صوبائی اسمبلی اپنی آئینی مدت مکمل کرے گی، اگر کبھی اسمبلی تحلیل کرنا پڑی تو پہلے اپنے ارکان سے رائے لوں گا۔ قرارداد میں بتایا گیا کہ صوبائی اسمبلی نے عوامی اہمیت کے تمام معاملات پر موثر انداز میں آواز اٹھائی جبکہ حکومت سندھ کی عوامی مسائل حل کرنے کیلئے بہتر انداز میں رہنمائی کی۔ سندھ اسمبلی اپنی 5 سالہ آئینی مدت مکمل کرے گی۔
رہنما پاکستان تحریک انصاف خرم شیر زمان کا وزیراعلیٰ سندھ کے اپنے وزراء سے 5 سالہ کارکردگی رپورٹ طلب کرنے پر کہنا تھا کہ پچھلے 5 سال میں سب سے زیادہ کرپشن محکمہ خزانہ میں کی گئی جو کہ 14 سالوں سے وزیراعلیٰ سندھ کے پاس ہے۔ سندھ بھر میں جعلی ٹھیکے، پنشن فنڈز میں گھپلے، جعلی اشتہارات وگندم چوری جیسے فراڈ مشہور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی بیڈگورننس اور کرپشن کے باعث صوبہ سندھ کا ہر ادارہ تباہی سے دوچار ہو چکا ہے۔ جن کا اپنا کوئی کردار نہیں ہے وہ صوبائی وزراء کی 5 سالہ کارکردگی کے حوالے سے خطاب کریں گے۔ پیپلزپارٹی اپنی کرپشن، بیڈگورننس اور ناقص ترین کارکردگی کے باعث سندھ کے چند مخصوص علاقوں تک محدود ہو چکی ہے۔