بجلی چوری روکنے اور وصولی کیلئے حکومت نے ISI اور MIسے مدد مانگ لی

6isisbijlichororr.png

وفاقی حکومت نے بجلی چوری روکنے کیلئے آئی ایس آئی ، ایم آئی و دیگر اداروں کے افسران کی مدد لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے بجلی چوری روکنے اور وصولیوں کیلئے نیا نظام نافذ کرنےکا فیصلہ کیا ہے ، اس نظام کے تحت حساس اداروں کے افسران پر مشتمل ایک سپورٹ یونٹ قائم کیا جائے گا۔

خبررساں ادارے ایکسپریس نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق سپورٹ یونٹ میں آئی ایس آئی، ایم آئی اور دیگر اداروں کے افسران شامل ہوں گے،اس سپورٹ یونٹ میں متعلقہ ڈسکو کا سی ای او ڈائریکٹر اور سیکٹر کمانڈر سول آرمڈ فورسز کا ڈائریکٹر ہوگا۔

اس حوالے سے پاور ڈویژن نے باقاعدہ طور پر سمری تیار کرکے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کو ارسال کردی ہے، امکان ہے کہ اس سمر ی پر کل منظوری دیدی جائے گا، سپورٹ یونٹ براہ راست سیکرٹری پاور ڈویژن کو رپورٹ کرے گا۔

سب سے پہلے مرحلے میں ملتان الیکٹرک سپلائی کمپنی(میپکو) میں یہ سپورٹ یونٹ قائم کیا جائے گا، کیونکہ یہاں پاور سیکٹر بدترین صورتحال اختیار کرچکا ہے اور یہاں تمام اصلاحاتی منصوبے ناکام ہوچکے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں 1 ہزار 780 ارب روپے کے واجبات وصول کرنے میں ناکام ہیں، اسی بدانتظامی کی وجہ سے پاور سیکٹر کی اصلاحات کا پورا عمل ثبوتاژ ہوجاتا ہے، نئے سپورٹ یونٹ کے قیام کے بعد مطلوبہ نتائج حاصل ہوئے تو دیگر تقسیم کار کمپنیوں میں بھی یہ سپورٹ یونٹ قائم کیے جائیں گے۔